پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افتخار احمد فخر کی غزلیں — Iftikhar Ahmad Fakhr Ghazals

افتخار احمد فخر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ دے جو دل ہی دہائی تو کوئی بات نہیں (غزل)

نہ دے جو دل ہی دہائی تو کوئی بات نہیں

یہ چار دن کی خدائی تو کوئی بات نہیں

جو مانگنا ہے تجھے صرف ایک در سے مانگ

یہ در بدر کی گدائی تو کوئی بات نہیں

اگرچہ خواہش منزل جنوں کے ناخن لے

خرد کی عقدہ کشائی تو کوئی بات نہیں

مزہ تو جب ہے بجھے تشنگیٔ خار الم

جنون آبلہ پائی تو کوئی بات نہیں

خود اپنے دل کو بنا لے تو آستان وفا

حرم کی ناصیہ سائی تو کوئی بات نہیں

نکل گئی تھی مرے منہ سے دل کی بات جو کل

ہوئی ہے آج پرائی تو کوئی بات نہیں

مے سخن سے نہ پگھلے جو آبگینۂ دل

تو فخرؔ شعلہ نوائی تو کوئی بات نہیں

قربان جاؤں حسن قمر انتساب کے (غزل)

قربان جاؤں حسن قمر انتساب کے

عارض ہیں یا ہیں پھول شگفتہ گلاب کے

اب دن کہاں رہے وہ ہمارے ثبات کے

اک دھوپ تھی جو ساتھ گئی آفتاب کے

ہر اک ادا میں اس کی ہے قوس قزح کا رنگ

ہے گفتگو میں کتنے حوالے کتاب کے

حالات نے جھنجھوڑ کے ہشیار تو کیا

جاگے ہوئے ہیں پھر بھی تو آثار خواب کے

پھیلا چکے ہیں فرقہ پرستی کا زہر وہ

آئے ہیں سامنے جو عدد انتخاب کے

گولی سے حل نہ ہوں گے محبت سے ہوں گے حل

قضیے ہوں کاشمیر کے یا پنچ آب کے

نکلی سروں کی فصل ہے گوبھی کے کھیت سے

کھلتے جہاں یہ پھول تھے کل تک گلاب کے

پیر مغاں سے فخرؔ یہی اک سوال ہے

اوندھے ہیں آج جام و سبو کیوں شراب کے