پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عفت زریں کی غزلیں — Iffat Zarrin Ghazals

عفت زریں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اگر وہ مل کے بچھڑنے کا حوصلہ رکھتا (غزل)

اگر وہ مل کے بچھڑنے کا حوصلہ رکھتا

تو درمیاں نہ مقدر کا فیصلہ رکھتا

وہ مجھ کو بھول چکا اب یقین ہے ورنہ

وفا نہیں تو جفاؤں کا سلسلہ رکھتا

بھٹک رہے ہیں مسافر تو راستے گم ہیں

اندھیری رات میں دیپک کوئی جلا رکھتا

مہک مہک کے بکھرتی ہیں اس کے آنگن میں

وہ اپنے گھر کا دریچہ اگر کھلا رکھتا

اگر وہ چاند کی بستی کا رہنے والا تھا

تو اپنے ساتھ ستاروں کا قافلہ رکھتا

جسے خبر نہیں خود اپنی ذات کی زریںؔ

وہ دوسروں کا بھلا کس طرح پتا رکھتا

ذہن و دل کے فاصلے تھے ہم جنہیں سہتے رہے (غزل)

ذہن و دل کے فاصلے تھے ہم جنہیں سہتے رہے

ایک ہی گھر میں بہت سے اجنبی رہتے رہے

دور تک ساحل پہ دل کے آبلوں کا عکس تھا

کشتیاں شعلوں کی دریا موم کے بہتے رہے

کیسے پہنچے منزلوں تک وحشتوں کے قافلے

ہم سرابوں سے سفر کی داستاں کہتے رہے

آنے والے موسموں کو تازگی ملتی گئی

اپنی فصل آرزو کو ہم خزاں کہتے رہے

کیسے مٹ پائیں گی زریںؔ یہ حدیں افکار کی

ٹوٹ کر دل کے کنارے دور تک بہتے رہے

آم جو کھائے وہ للچائے (نظم)

آم جو کھائے وہ للچائے

جو نہ کھائے وہ پچھتائے

بھینی بھینی خوشبو آئے

جو سب کے ہی من کو بھائے

لنگڑا چوسا اور دسہری

کوئی نہیں ہے ان کا بیری

سونے جیسی رنگت ان کی

ڈالی ڈالی سنگت ان کی

ابا جب بازار کو جاتے

ٹوکری بھر آموں کی لاتے

سارے پھلوں کا آم ہے راجا

کچا پکا سب کا کھا جا

خوشبو اس کی بھینی بھینی

میٹھا گڑ ہے میٹھی چینی

خود کھائیں اوروں کو کھلائیں

کھانے سے جی بھر نہ پائیں

سب سے اچھی بات یہ ہی ہے

گرمی کی سوغات یہ ہی ہے