پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عفت فریدی کی غزلیں — Iffat Faridi Ghazals

عفت فریدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر طرف تیرا آئنہ دیکھا (غزل)

ہر طرف تیرا آئنہ دیکھا

حسن قدرت کا بے بہا دیکھا

اپنی آنکھوں میں وہ نظر آیا

ہم نے جب جب بھی آئنہ دیکھا

میرے احساس میں نہاں ہے تو

خواب میں تجھ کو جا بجا دیکھا

تھک گئی ہوں اکیلے چل چل کر

دل ہوا خوش جو قافلہ دیکھا

منتظر ہوں تری زمانے سے

اک دیا بن کے راستہ دیکھا

عشق کی انتہا پہ آ کر میں

سوچتی ہوں کہ تجھ میں کیا دیکھا

دروازے پہ کھٹ سے ہوئی اک آواز (نظم)

دروازے پہ کھٹ سے ہوئی اک آواز

اور میں چونک گئی

ضرور ہوگا آج کا اخبار

دروازہ کھول کر دیکھا

میرا اندازہ سہی نہیں تھا

وہاں اخبار پڑا نہیں تھا

وہاں تھا آگ کا ایک گولا

اس میں لپٹی تھیں

چند مسلی ہوئی معصوم کلیاں

کچھ گندی تنگ گلیاں

بھوک کا سوز

اور کچھ ذخیرہ‌ اندوز

بے روزگاری کا سناٹا

غربت کا چانٹا

سوکھا اور بازار مندہ

ساتھ میں خودکشی کا تھا پھندا

سرحدوں کے جھگڑے

جنگ

اور ایک خطرہ ایٹم بم

کتنے جنگل

گھٹتی ہریالی

بیماری

اسپتالوں کی بد حالی

گھوٹالوں کا شور

اور رشوت خوری کی ہوڑ

ظلم و ستم کی داستانیں

دھماکوں کی آوازیں

دماغ گھوم گیا

پھر غور سے دیکھا

ارے نہیں

وہ آج کا اخبار ہی تھا

لرزتے کانپتے ہاتھوں سے اٹھا لیا

اٹھانا تو تھا ہی نا