پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابراہیم علی ذیشان کی غزلیں — Ibrahim Ali Zeeshan Ghazals

ابراہیم علی ذیشان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تو مجھے یاد کرے ایسا طریقہ نکلے (غزل)

تو مجھے یاد کرے ایسا طریقہ نکلے

میری یک طرفہ محبت کا نتیجہ نکلے

تیری آنکھوں میں دکھائی دے محبت میری

بے نمازی ترے بستے سے مصلیٰ نکلے

ورنہ ہم کب کے چٹانوں میں پھنسے مر جاتے

پاؤں کاٹے تو ترے دشت سے زندہ نکلے

جنگ میں کون نکلتا ہے گھروں سے باہر

تو نے آواز لگائی تھی لہٰذا نکلے

تیری راہوں میں بھٹکتے ہوئے موت آ جائے

اور ایسے میں مری جیب سے نقشہ نکلے

اتنی خاموشی سے نکلے ہیں ترے شور سے ہم

جیسے بازار کے مجمع سے جنازہ نکلے

آج آؤں گا ترے پاس محبت لے کر

مدتیں ہو گئیں عزت کا جنازہ نکلے

دل کسی کا نہ ہوا ایک خریدار کے بعد (غزل)

دل کسی کا نہ ہوا ایک خریدار کے بعد

لوگ بازار لگا لیتے ہیں بازار کے بعد

قتل کر کے بھی ہمیں دل نہیں بھرتا ان کا

لات بھی مارتے ہیں جسم پہ تلوار کے بعد

خود کو بد بخت کہوں یا میں کہوں خوش قسمت

میری بینائی گئی ہے ترے دیدار کے بعد

شہر خالی نہ ہو یہ سوچ کے ہم خانہ بدوش

جمع ہو جاتے ہیں ہر رات کو بازار کے بعد

صرف پچھتاوا ہوا ہے ہمیں تجھ سے مل کر

کبھی گفتار سے پہلے کبھی گفتار کے بعد