پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابراہیم اشکؔ کی غزلیں — Ibrahim Ashk Ghazals

ابراہیم اشکؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کریں سلام اسے تو کوئی جواب نہ دے (غزل)

کریں سلام اسے تو کوئی جواب نہ دے

الٰہی اتنا بھی اس شخص کو حجاب نہ دے

تمام شہر کے چہروں کو پڑھنے نکلا ہوں

اے میرے دوست مرے ہاتھ میں کتاب نہ دے

غزل کے نام کو بدنام کر دیا اس نے

کچھ اور دے مرے ساقی مجھے شراب نہ دے

میں تجھ کو دیکھ کے تیرے بھرم کو جان سکوں

اک آدمی ہوں ذرا سوچ ایسی تاب نہ دے

وہ مل نہ پائے اگر مجھ کو اس زمانے میں

تو ایسی حور کا دنیا میں کوئی خواب نہ دے

یہ میرے فن کی طلب ہے کہ دل کی بات کہوں

وہ اشکؔ دے کہ زمانے کو انقلاب نہ دے

دیکھا تو کوئی اور تھا سوچا تو کوئی اور (غزل)

دیکھا تو کوئی اور تھا سوچا تو کوئی اور

جب آ کے ملا اور تھا چاہا تو کوئی اور

اس شخص کے چہرے میں کئی رنگ چھپے تھے

چپ تھا تو کوئی اور تھا بولا تو کوئی اور

دو چار قدم پر ہی بدلتے ہوئے دیکھا

ٹھہرا تو کوئی اور تھا گزرا تو کوئی اور

تم جان کے بھی اس کو نہ پہچان سکو گے

انجانے میں وہ اور ہے جانا تو کوئی اور

الجھن میں ہوں کھو دوں کہ اسے پا لوں کروں کیا

کھونے پہ وہ کچھ اور ہے پایا تو کوئی اور

دشمن بھی ہے ہم راز بھی انجان بھی ہے وہ

کیا اشکؔ نے سمجھا اسے وہ تھا تو کوئی اور