پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابراہیم خلیل کی غزلیں — Ibraheem Khalil Ghazals

ابراہیم خلیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں جو رکھتا تھا کتابوں پہ بھرم ٹوٹ گئے (غزل)

میں جو رکھتا تھا کتابوں پہ بھرم ٹوٹ گئے

داستاں چیخ اٹھی اور قلم ٹوٹ گئے

آئنہ آئینے کے سامنے ٹوٹا تو مجھے

ایسا لگتا تھا کہ دونوں ہی بہم ٹوٹ گئے

ان چراغوں کو جلانے کی تمنا ہے مجھے

جن چراغوں پہ ہواؤں کے ستم ٹوٹ گئے

فاصلہ طول پکڑتے ہی شجر گرنے لگے

راستہ دل کا اکھڑتے ہی قدم ٹوٹ گئے

روشنی آئنہ خانے میں تھی قیدی کی طرح

گردشیں کھاتی ہوئیں کرنوں کے دم ٹوٹ گئے

دل کا پہلو میں ابھی ٹوٹنا باقی تھا خلیلؔ

حوصلہ ہم سے نہ ہو پایا تو ہم ٹوٹ گئے

کار سخن آرائی ہے تنہائی ہماری (غزل)

کار سخن آرائی ہے تنہائی ہماری

ہنگامۂ افلاک ہے شنوائی ہماری

ہم اہل صبا خانی و گلکار ہیں پھر بھی

ہوتی رہی اس شہر میں رسوائی ہماری

گاؤں کی طرف نقش کف پا تھے ہمارے

پھر شہر خوش آباد کو یاد آئی ہماری

تم وارث صحرائے نمویاس ہو لیکن

تابندہ ہے اس ریت پہ ہرجائی ہماری

اک عمر پس نیلمی پردے میں گزاری

تب جا کے زمیں زاد کو باس آئی ہماری

بستر مرا قرطاس ہے مصرعے ہیں مرے خواب

تکمیل غزل ہوتی ہے انگڑائی ہماری

بگولا کیا ہے (نظم)

بگولا کیا ہے

جو خاک در خاک شہر در شہر شخص در شخص

عکس در عکس آئنہ در آئنہ چل رہا ہے

بہار دیدہ خزاں رسیدہ یہ پیڑ پودے بکھر چکے ہیں

جو میرے ہم راہ چل رہے تھے نہ جانے اب وہ کدھر گئے ہیں

ہماری قوس قزح کے سب رنگ اتر چکے ہیں

بگولا آ کے گزر گیا ہے

گلاب تا دیر کھل چکے ہیں

مری کہانی کے اہم کردار ہزار شکلیں بدل چکے ہیں

نہ جانے اب وہ کہاں ملے گا

میں بند آنکھوں پہ اپنے ماضی کی دھندلی عینک لگا کے دیکھتا ہوں

شکستہ پا کی مسافتوں کا یہ سترہ سالہ طویل موسم گزر گیا ہے

سمٹ گیا ہے مرے جنم دن کے کیک پر

جلتی بجھتی شمع کی اوٹ میں

ہائے سترہ سالہ طویل موسم

بگولا مجھ میں سمٹ رہا ہے

میں اپنی آنکھوں کو مل رہا ہوں

خود اپنے اندر ہی گھل رہا ہوں

سمجھ نہیں آ رہا ہے مجھ کو کہ

زندگی میں

یہ بارہ پتھر

گرا رہا ہوں

کہ چن رہا ہوں

میں سترہ سالوں سے

تین تنکوں پہ

چل رہا ہوں