ابراہیم خلیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اٹھو اس شان سے کہ وقت کے دھارے بدل ڈالو (غزل)
اٹھو اس شان سے کہ وقت کے دھارے بدل ڈالو
نگاہیں تھک چکیں جن سے وہ نظارے بدل ڈالو
زمانہ تشنہ کام امن ہے تسکیں کا بھوکا ہے
چلو ظلم و تشدد خیز گہوارے بدل ڈالو
تمہارے ہاتھ میں آنے کو ہے پھر گردش دوراں
عزائم اپنے بھی کچھ اے مرے پیارے بدل ڈالو
یہاں تو سب کو جینا ہے سبھی کو جینے دینا ہے
طریقہ وہ جو اپنا یہ بھی حق مارے بدل ڈالو
خلیلؔ اک جان ہو جانا ضروری ہے زمانے میں
خلل انداز شیرازے کے شہ پارے بدل ڈالو
رخ پہ اپنے نقاب رہنے دے (غزل)
رخ پہ اپنے نقاب رہنے دے
درمیاں اک حجاب رہنے دے
سعی پیہم کی سسکیوں پہ نہ جا
شوق میں پیچ و تاب رہنے دے
دل کا آئینہ ہے جواب ترا
ہے بھی تو لا جواب رہنے دے
جرم میرے کہاں تری رحمت
یہ حساب و کتاب رہنے دے
پھر کہیں کھو کے رہ نہ جائے خلیلؔ
اذن چنگ و رباب رہنے دے