پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابراہیم ہوش کی غزلیں — Ibraheem Hosh Ghazals

ابراہیم ہوش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں وہ نہیں کہ زمانے سے بے عمل جاؤں (غزل)

میں وہ نہیں کہ زمانے سے بے عمل جاؤں

مزاج پوچھ کے دار و رسن کا ٹل جاؤں

وہ اور ہوں گے جو ہیں آج قید بے سمتی

وہی ہے سمت میں جس سمت کو نکل جاؤں

فریب کھا کے جنوں عقل کے کھلونوں سے

خدا وہ وقت نہ لائے کہ میں بہل جاؤں

مرا وجود ہے مومی کہیں نہ ہو ایسا

کسی کی یاد کی گرمی سے میں پگھل جاؤں

جو چاہتا ہے کہ پستی میں گرتے گرتے بچوں

نظر کا اپنی عصا دے کہ میں سنبھل جاؤں

دیر و حرم میں دشت و بیابان و باغ میں (غزل)

دیر و حرم میں دشت و بیابان و باغ میں

ڈھونڈو نہ مجھ کو میں ہوں خود اپنے سراغ میں

ہاں اے اسیرو خیر سے ہو کس سراغ میں

کھلتے ہیں اب تو پھول ہوا بست باغ میں

اس برف زار میں بھی جلاتی ہی جاتی ہے

وہ اک شبیہ جو ہے نہاں دل کے داغ میں

رہتا ہے اب زمین پہ وہ آسماں پسند

ہاں وہ خجل تھا جس سے خدا بھی دماغ میں

ممکن نہیں کہ غار میں دل کے اتر سکے

مانگے کی روشنی ہے تمہارے چراغ میں

کیا قدر وہ کریں گے کسی خوش نوا کی ہوشؔ

تفریق کر سکیں جو نہ قمری و زاغ میں