پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابراہیم آتش کی غزلیں — Ibraheem Aatish Ghazals

ابراہیم آتش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

برس رہا ہے جو پانی سیہ گھٹاؤں سے (غزل)

برس رہا ہے جو پانی سیہ گھٹاؤں سے

بچایا اس نے ہی تپتی ہوئی فضاؤں سے

یہ فعل آپؐ کو لے جائے گا بلندی پر

عدو کو دوست بنا لیجیے وفاؤں سے

خدا خدا ہے کرے گا مدد یقیناً وہ

بس آپ خوف نہ کھائیں کبھی بلاؤں سے

کوئی خدا نہیں آدم ہے خاک کا پتلا

کہاں بچا ہے کوئی آدمی خطاؤں سے

جو کر رہے ہیں غریبوں پہ ظلم و جور و ستم

خدا بچائے انہیں ان کی بد دعاؤں سے

رہیں جو کوششیں جاری تو دیکھنا آتشؔ

نیا جہان ملے گا انہیں خلاؤں سے

کہاں صبر و تحمل آپ کا ناکام ہوتا ہے (غزل)

کہاں صبر و تحمل آپ کا ناکام ہوتا ہے

جہاں تکلیف ہوتی ہے وہیں آرام ہوتا ہے

مقابل ہر قدم ہونا ستم گار زمانہ سے

یہی جینے کی خاطر وقت کا پیغام ہوتا ہے

اسے بھی مہر و الفت کی ذرا تابندگی دے دو

خیالوں میں اگر کوئی خیال خام ہوتا ہے

تڑپنا آہ بھرنا آنسوؤں میں غرق ہو جانا

زمانے میں محبت کا یہی انجام ہوتا ہے

بجھے گی کس طرح تشنہ لبی کی آگ اے رندو

مرے ہاتھوں میں ہوتا ہے تو خالی جام ہوتا ہے

مری نوک قلم توصیف کرتی ہے بلندی کی

اے آتشؔ جب نگاہوں میں عروج شام ہوتا ہے