حسین خاں دانش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اگر میں حرف غلط ہوں تو رائیگاں کر دے (غزل)
اگر میں حرف غلط ہوں تو رائیگاں کر دے
میں جس ورق پہ ملوں اس کی دھجیاں کر دے
کرم نواز اگر ہے تو اتنی زحمت کر
مجھے زمیں سے اٹھا اور آسماں کر دے
اے چارہ گر وہ دوا ڈھونڈھ علم حکمت میں
جو میرے شعلۂ غم کو دھواں دھواں کر دے
انا پرستی کے جو توڑ دے گھروندوں کو
مجھے خلوص کی وہ موج بے کراں کر دے
زبان دی ہے تو پھولوں سی گفتگو بھی دے
جلا کے راکھ نہیں تو مری زباں کر دے
میں تھک چکا ہوں بہت دھوپ کا سفر کرتے
دعا کا ماں تو مرے سر پہ سائباں کر دے
پڑھے زمانہ بڑے شوق سے مجھے دانشؔ
مرے وجود کو اک ایسی داستاں کر دے
بات ہم جب بھی صاف کرتے ہیں (غزل)
بات ہم جب بھی صاف کرتے ہیں
لوگ کیوں اختلاف کرتے ہیں
قابل احترام ہیں وہ لوگ
دشمنوں کو معاف کرتے ہیں
بولتے جب ہیں پھول سے لہجے
پتھروں میں شگاف کرتے ہیں
رشک آتا ہے ایسے چہروں پر
جن کا شیشے طواف کرتے ہیں
حوصلہ خوب ہے چراغوں کو
جنگ ہوا کے خلاف کرتے ہیں
میں نے بخشی ہے زندگی فن کو
اہل فن اعتراف کرتے ہیں
دل ہے دانشؔ فقیر کا حجرہ
غم یہاں اعتکاف کرتے ہیں