حسین خاں جھنجھٹ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
علم کی شمع اندھیرا نہیں ہونے دیتی (غزل)
علم کی شمع اندھیرا نہیں ہونے دیتی
اپنے کردار کو میلا نہیں ہونے دیتی
اپنے اسلاف کی تعلیم ہی کچھ ایسی ہے
عزم و ہمت کو جو پسپا نہیں ہونے دیتی
گردش خون رگ و پے میں ابھی جاری ہے
اک یہی سوچ نکما نہیں ہونے دیتی
خندہ پیشانی سے ہر ایک سے پیش آتا ہوں
میری عادت مجھے رسوا نہیں ہونے دیتی
زندگی سے مری وابستہ ہیں یوں رنج و الم
یاد ان کی کبھی تنہا نہیں ہونے دیتی
نہ شکایت ہے تھکن کی نہ گلہ محنت کا
ذمہ داری مجھے بوڑھا نہیں ہونے دیتی
جب سے حالات سے سمجھوتا کیا ہے جھنجھٹؔ
مفلسی میرا تماشا نہیں ہونے دیتی
گلوں میں جس طرح خوشبو بہت ضروری ہے (غزل)
گلوں میں جس طرح خوشبو بہت ضروری ہے
اسی طرح ہمیں اردو بہت ضروری ہے
نہ مال و زر کی تمنا نہ جاہ و منصب کی
مری حیات میں بس تو بہت ضروری ہے
ہے تلخ بول سے دل ٹوٹنے کا اندیشہ
زباں پہ اس لئے قابو بہت ضروری ہے
قریب آئیں گے دشمن بھی تیری دعوت پر
ترے کلام میں خوشبو بہت ضروری ہے
عمل ہو ایسا جو ایماں کی ترجمانی کرے
خود اپنی ذات میں یہ خو بہت ضروری ہے
بغیر علم کے منزل نہ پا سکو گے تم
اندھیری رات میں جگنو بہت ضروری ہے
زمانے بھر کی زبانوں سے ہم کو کیا جھنجھٹؔ
ہمارے واسطے اردو بہت ضروری ہے