پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حسین احمد واصف کی غزلیں — Husain Ahmad Wasif Ghazals

حسین احمد واصف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنے روشن مستقبل کی باتیں کرتے ہیں (غزل)

اپنے روشن مستقبل کی باتیں کرتے ہیں

شاعر بھی دیوانوں جیسی باتیں کرتے ہیں

دنیا داری صاف جھلکتی ہے کرداروں سے

ہم مسجد کی حد تک دینی باتیں کرتے ہیں

کاش عمل بھی اپنے ہو جائیں بالکل ویسے

تقریروں میں جتنی اچھی باتیں کرتے ہیں

کیا تہذیب تنزل کی منزل تک آ پہنچی

شرفا بازاروں میں گھر کی باتیں کرتے ہیں

خواب سے لگتے ہیں اب سارے رشتے ماضی کے

مل ہی جاتے ہیں تو رسمی باتیں کرتے ہیں

اچھا سا منصب حاصل کر لینے کی دھن میں

لوگ نہ جانے کیسی کیسی باتیں کرتے ہیں

سچائی کو سن کر حاکم مجھ سے کہتا ہے

ایسے لہجے میں تو باغی باتیں کرتے ہیں

بات کروں یا شعر سناؤں دنیا کہتی ہے

واصفؔ صاحب ہر دم کڑوی باتیں کرتے ہیں

جو بڑا ہے اسے چھوٹے نہیں اچھے لگتے (غزل)

جو بڑا ہے اسے چھوٹے نہیں اچھے لگتے

جس طرح پیڑ کو پودے نہیں اچھے لگتے

منتشر ہوتا ہے شیرازۂ ملت جن سے

ان کتابوں کے حوالے نہیں اچھے لگتے

اختلافات تو گھر گھر میں ہیں موجود مگر

گھر کی ہر بات کے چرچے نہیں اچھے لگتے

سر میں بیٹی کے بہت پھیل چکی ہے چاندی

پھر بھی ماں باپ کو رشتے نہیں اچھے لگتے

کیسے ہی سخت ہوں حالات مگر اے واصفؔ

مجھ کو تقدیر سے شکوے نہیں اچھے لگتے