حسین عابد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
قدم کہیں پہ ارادہ کہیں کا رکھتے ہیں (غزل)
قدم کہیں پہ ارادہ کہیں کا رکھتے ہیں
خلا میں رہتے ہیں منظر زمیں کا رکھتے ہیں
یہ کون ان کی نظر واہموں سے بھرتا ہے
جو اپنے بستے میں نامہ یقیں کا رکھتے ہیں
یہ کیا کہ روح کی کوئی زمیں نہ کوئی وطن
جہاں کی مٹی ہو اس کو وہیں کا رکھتے ہیں
اسی لیے تو پرندوں کے پر نکلتے ہیں
کہ آستاں نہ بکھیڑا جبیں کا رکھتے ہیں
اسی کے فیض سے نا مہرباں ہوا ہے دل
مکاں مزاج ہمیشہ مکیں کا رکھتے ہیں
زمیں کا دم نکلتا جا رہا ہے (غزل)
زمیں کا دم نکلتا جا رہا ہے
خدا کا کام چلتا جا رہا ہے
یہ کن ہاتھوں میں سورج آ گیا ہے
چھتوں سے دن پگھلتا جا رہا ہے
پرندے ممٹیوں پہ رو رہے ہیں
شجر ہر گھر سے کٹتا جا رہا ہے
عجب سا وہم دل پہ جم گیا ہے
بدن سائے سے گھٹتا جا رہا ہے
ہوا بھی سرد ہوتی جا رہی ہے
سمندر بھی اترتا جا رہا ہے
جو سنتے ہیں وہ گم جاتا ہے فوراً
جو لکھتے ہیں وہ مٹتا جا رہا ہے
لوگ مرتے ہیں (نظم)
لوگ مرتے ہیں
تھری پیس سوٹ میں
تنگ ہوتی وردی میں
ٹخنے تقسیم کرتی شلواروں
گھٹی تمنا
یا وصل کے سیال سے
چپکتے زیر جاموں میں
انسان انہیں دکھتا ہے
آخری رسومات کے دوران
یا جب اسے
وصل کے غار سے دھکیلا جاتا ہے
کھڈیوں پر بنے لوگ
عمر بھر ایک دوسرے کو
انسان کی باتیں سناتے ہیں