حرمت الااکرام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل آزردہ کو بہلائے ہوئے ہیں ہم لوگ (غزل)
دل آزردہ کو بہلائے ہوئے ہیں ہم لوگ
کتنے خوابوں کی قسم کھائے ہوئے ہیں ہم لوگ
ایک عالم کے حریف ایک زمانے کے نقیب
جیسے تاریخ کے دہرائے ہوئے ہیں ہم لوگ
ایک مدت ہوئی ہم ڈھونڈھ رہے ہیں خود کو
اپنی آواز کے بھٹکائے ہوئے ہیں ہم لوگ
جس کے شعلوں سے نمو پائیں گے کچھ پھول نئے
آگ سینے میں وہ دہکائے ہوئے ہیں ہم لوگ
جن سے بیدار ہوا لذت آزار کا ذوق
چوٹیں ایسی بھی کئی کھائے ہوئے ہیں ہم لوگ
ایک گتھی جو سلجھ کر بھی نہ سلجھی زنہار
اس کو سلجھا کے بھی الجھائے ہوئے ہیں ہم لوگ
ہوش میں رہ کے بھی لازم ہے کہ مدہوش رہیں
راز آنکھوں کا تری پائے ہوئے ہیں ہم لوگ
گردش وقت کوئی اور ٹھکانا بتلا
محفل دوست سے اکتائے ہوئے ہیں ہم لوگ
آنچ آئی نہ کڑی دھوپ میں لیکن حرمتؔ
چاندنی رت کے سنو لائے ہوئے ہیں ہم لوگ
طے کیا اس طرح سفر تنہا (غزل)
طے کیا اس طرح سفر تنہا
ایک ہم ایک رہ گزر تنہا
کون ہوتا رفیق تیرہ شبی
دل جلایا ہے تا سحر تنہا
خیریت پوچھنے کو آئی ہے
زندگی مجھ کو دیکھ کر تنہا
آفت جاں ہے وضع ہم سفری
وقت کی راہ سے گزر تنہا
دھڑکنوں کا بھی ہے عجب انداز
دل کی وادی ہے کس قدر تنہا
نہ ملا درد آشنا کوئی
کٹ گیا درد کا سفر تنہا
دشت میں اپنی ہی تجلی کے
جھلملایا کیا قمر تنہا
ساعتیں دیتی ہی رہیں آواز
زندگی چل پڑی کدھر تنہا
قتل گاہ وفا ملی خالی
حرمتؔ آئے ہمیں نظر تنہا
ذوق تکلم پر اردو نے راہ انوکھی کھولی ہے (نظم)
ذوق تکلم پر اردو نے راہ انوکھی کھولی ہے
رنگ کی گہرائی ناپی ہے پھول کی خوشبو تولی ہے
یہ نازک جذبات کے البیلے اظہار کی بولی ہے
اردو پیار کی بولی ہے
گرمائے تہذیب کی محفل چمکایا افسانے کو
رنگ بکھیرا آنچل آنچل روپ کا مان بڑھانے کو
شبدوں کے پیالے میں اس نے دل کی لالی گھولی ہے
میرؔ نے دل کی دھڑکن دی اقبالؔ نے فکر کا نور دیا
غالبؔ نے آغوش کو اس کی حسن قریب و دور دیا
جس پہ خزینوں کو رشک آئے اردو کی وہ جھولی ہے
کرشن کے افسانوں کا جادو دلوں کا سودا کرتا ہے
جگرؔ کا نغمہ آنکھوں ہی آنکھوں میں اشارہ کرتا ہے
ملوں سے کھلیانوں تک رقص میں دیوانوں کی ٹولی ہے
گیت فراقؔ کے جھلمل جھلمل کرتے ہیں مشعل کی طرح
حرمت کی لے سایہ فگن ہے ساون کے بادل کی طرح
کس لیلیٰ کا محمل ہے یہ کس گوری کی ڈولی ہے