پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہنر رسولپوری کی غزلیں — Hunar Rasoolpuri Ghazals

ہنر رسولپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ڈھونڈھتا رہتا ہوں جس کو منزلوں کے آس پاس (غزل)

ڈھونڈھتا رہتا ہوں جس کو منزلوں کے آس پاس

وہ ملا ہے مجھ کو اکثر مشکلوں کے آس پاس

بے زباں مقتول ہوتا ہے مگر اس کا لہو

چھوڑ جاتا ہے نشانی قاتلوں کے آس پاس

مل نہیں پاتے ہیں جب دنیا میں مجنوں کی طرح

رقص کرتی ہے محبت دو دلوں کے آس پاس

بستیوں کو چھوڑ کر درویش جاتے ہی نہیں

گھومتے پھرتے ملیں گے محفلوں کے آس پاس

موج کی سازش کو اب تک کون سمجھا ہے ہنرؔ

ڈوبنے والے ملے ہیں ساحلوں کے آس پاس

ایسی جگہ بتا تو مجھے وہ جہاں نہ ہو (غزل)

ایسی جگہ بتا تو مجھے وہ جہاں نہ ہو

وحدانیت کا اس کی جہاں پر نشاں نہ ہو

یارب دعا یہی ہے مری تجھ سے صبح و شام

محبوب میرا مجھ سے کبھی بد گماں نہ ہو

تیری یہ بات کیسے ستم گر میں مان لوں

ممکن نہیں مکان جلے اور دھواں نہ ہو

دنیا یہ روٹھ جائے مجھے اس کا غم نہیں

لیکن خفا کبھی بھی مری مجھ سے ماں نہ ہو

ترکش میں تیر رکھنے سے کچھ فائدہ نہیں

جب تک کہ اپنے ہاتھ میں اپنی کماں نہ ہو

معلوم ہے یہ تجھ کو غموں نے دیا ہے ساتھ

اے دل تو میرے اتنا ابھی شادماں نہ ہو

دار و مدار جسم کا اس کے ہی دم سے ہے

دل مبتلائے کشمکش امتحاں نہ ہو

انسان سرخ رو کبھی ہوتا نہیں ہنرؔ

جب تک کہ زندگی میں کوئی امتحاں نہ ہو