پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حمیرا رحمان کی غزلیں — Humaira Rahman Ghazals

حمیرا رحمان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ذرا سی بات پر ناراض ہونا رنجشیں کرنا (غزل)

ذرا سی بات پر ناراض ہونا رنجشیں کرنا

محبت میں اسے آتا نہیں گنجائشیں کرنا

مری بیٹی نے مجھ کو دیکھ کر سیکھا ہے برسوں میں

پرانا آئینہ رکھ کر نئی آرائشیں کرنا

مری المایوں میں قیمتی سامان کافی تھا

مگر اچھا لگا اس سے کئی فرمائشیں کرنا

مجھے بچوں کی آنکھوں میں وہ سارے رنگ ملتے ہیں

جنہیں چھونے سے آئے زندگی کی خواہشیں کرنا

حمیراؔ دھیان رکھنا ڈوبتے سورج کی آہٹ کا

سدا چڑھتی اترتی دھوپ کی پیمائشیں کرنا

جیسے کوئی ضدی بچہ کب بہلے بہلانے سے (غزل)

جیسے کوئی ضدی بچہ کب بہلے بہلانے سے

ایسے ہم دنیا سے چھپ کر دیکھیں خواب سہانے سے

سب کچھ سمجھے لیکن اتنی بات نہیں پہچانے لوگ

مل جاتا ہے چین کسی کو ایک تمہارے آنے سے

ہم تو غم کی ایک اک شدت باہر آنے سے روکیں

اس کی آنکھیں باز نہ آئیں انگارے برسانے سے

لوگو! ہم پردیسی ہو کر جانے کیا کیا کھو بیٹھے

اپنے کوچے بھی لگتے ہیں بیگانے بیگانے سے

دیکھو دوست! تمہارا مقصد شاید ہمدردی ہی ہو

میرا پیکر ٹوٹ گرے گا وہ باتیں دہرانے سے

گھر کا سناٹا تو حمیراؔ ہنگاموں کی نذر ہوا

دل کی ویرانی ویسی کی ویسی ایک زمانے سے

ہم نے عمر کے اتنے سال (نظم)

ہم نے عمر کے اتنے سال

گزارے اپنے ساتھ

خوش بے رونق افسردہ

حیراں ناراض عجیب

لیکن تیرے ساتھ

گزرنے والا یہ پل

ایک مکمل لمحہ ہے

جس میں محسوسات کے

ان سارے رنگوں کی بارش

ایک ہی پھوار میں

ہم پر برس گئی ہے