پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حمیرا راحتؔ کی غزلیں — Humaira Rahat Ghazals

حمیرا راحتؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مثال خاک کہیں پر بکھر کے دیکھتے ہیں (غزل)

مثال خاک کہیں پر بکھر کے دیکھتے ہیں

قرار مر کے ملے گا تو مر کے دیکھتے ہیں

سنا ہے خواب مکمل کبھی نہیں ہوتے

سنا ہے عشق خطا ہے سو کر کے دیکھتے ہیں

کسی کی آنکھ میں ڈھل جاتا ہے ہمارا عکس

جب آئینے میں کبھی بن سنور کے دیکھتے ہیں

ہمارے عشق کی میراث ہے بس ایک ہی خواب

تو آؤ ہم اسے تعبیر کر کے دیکھتے ہیں

سوائے خاک کے کچھ بھی نظر نہیں آتا

زمیں پہ جب بھی ستارے اتر کے دیکھتے ہیں

یہ حکم ہے کہ زمین فرازؔ میں لکھیں

سو اس زمین میں ہم پاؤں دھر کے دیکھتے ہیں

فسانہ اب کوئی انجام پانا چاہتا ہے (غزل)

فسانہ اب کوئی انجام پانا چاہتا ہے

تعلق ٹوٹنے کو اک بہانہ چاہتا ہے

جہاں اک شخص بھی ملتا نہیں ہے چاہنے سے

وہاں یہ دل ہتھیلی پر زمانہ چاہتا ہے

مجھے سمجھا رہی ہے آنکھ کی تحریر اس کی

وہ آدھے راستے سے لوٹ جانا چاہتا ہے

یہ لازم ہے کہ آنکھیں دان کر دے عشق کو وہ

جو اپنے خواب کی تعبیر پانا چاہتا ہے

بہت اکتا گیا ہے بے سکونی سے وہ اپنی

سمندر جھیل کے نزدیک آنا چاہتا ہے

وہ مجھ کو آزماتا ہی رہا ہے زندگی بھر

مگر یہ دل اب اس کو آزمانا چاہتا ہے

اسے بھی زندگی کرنی پڑے گی میرؔ جیسی

سخن سے گر کوئی رشتہ نبھانا چاہتا ہے

بارشوں کے موسم میں (نظم)

بارشوں کے موسم میں

چھت پہ بیٹھ کر تنہا

ننھی ننھی بوندوں سے

تیرا نام لکھتی ہوں