ہوش ترمذی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دیکھے ہیں جو غم دل سے بھلائے نہیں جاتے (غزل)
دیکھے ہیں جو غم دل سے بھلائے نہیں جاتے
اک عمر ہوئی یاد کے سائے نہیں جاتے
اشکوں سے خبردار کہ آنکھوں سے نہ نکلیں
گر جائیں یہ موتی تو اٹھائے نہیں جاتے
ہر جنبش دامان جنوں جان ادب ہے
اس راہ میں آداب سکھائے نہیں جاتے
ہم بھی شب گیسو کے اجالوں میں رہے ہیں
کیا کیجیے دن پھیر کے لائے نہیں جاتے
شکوہ نہیں سمجھائے کوئی چارہ گروں کو
کچھ زخم ہیں ایسے کہ دکھائے نہیں جاتے
اے دست جفا سر ہیں یہ ارباب وفا کے
کٹ جائیں تو کٹ جائیں جھکائے نہیں جاتے
اے ہوشؔ غم دل کے چراغوں کی ہے کیا بات
اک بار جلا دو تو بجھائے نہیں جاتے
پاس ناموس تمنا ہر اک آزار میں تھا (غزل)
پاس ناموس تمنا ہر اک آزار میں تھا
نشۂ نگہت گل بھی خلش خار میں تھا
کس سے کہیے کہ زمانے کو گراں گزرا ہے
وہ فسانہ کہ مری حسرت گفتار میں تھا
دل کہ آتا ہی نہیں ترک تمنا کی طرف
کوئی اقرار کا پہلو ترے انکار میں تھا
کچھ تجھے یاد ہے اے چشم زلیخائے جہاں
ہم سا یوسف بھی کوئی مصر کے بازار میں تھا
زندگی جا نہ سکی شام و سحر سے آگے
سارا عالم اسی آئینۂ تکرار میں تھا
عمر بھر چشم تماشا کو رہی جس کی تلاش
ہوشؔ وہ حسن گریزاں مرے اشعار میں تھا