پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہوش نعمانی رامپوری کی غزلیں — Hosh Nomani Rampuri 1 Ghazals

ہوش نعمانی رامپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایک رنگین کہانی ہے ترے شہر کی رات (غزل)

ایک رنگین کہانی ہے ترے شہر کی رات

ہائے یہ کس کی جوانی ہے ترے شہر کی رات

بس یوں ہی زلف بکھیرے ہوئے آ جا اے دوست

آج کس درجہ سہانی ہے ترے شہر کی رات

ریگزار دل شاعر کے لئے جان غزل

موج دریا کی روانی ہے ترے شہر کی رات

دل کی اس کہر زدہ یاس بھری بستی میں

تجھ سے ہی مانگ کے لانی ہے ترے شہر کی رات

بار ہو جائے گا ذہنوں پہ تصور دن کا

آج اس طرح جگانی ہے ترے شہر کی رات

وہ نہیں ہے تو غمستان تخیل کی قسم

ہوشؔ افسردہ کہانی ہے ترے شہر کی رات

اک نئی شان سے پھر جشن بہاراں ہونا (غزل)

اک نئی شان سے پھر جشن بہاراں ہونا

گلستاں تجھ کو مبارک ہو بیاباں ہونا

پھول کے روپ میں کانٹوں نے ہمیں پالا ہے

ہم کو آیا نہ کبھی غم سے پریشاں ہونا

میرے اشعار نے پگھلا دیں کسی کی آنکھیں

ایک بت کو بھی میسر ہوا انساں ہونا

رامپور اے مرے تہذیب و تمدن کے دیار

ہو مبارک تجھے اردو کا دبستاں ہونا

ہم نے سونپی ہے انہیں اپنی حفاظت اے ہوشؔ

جن کو آیا نہیں خود اپنی نگہباں ہونا