ہوش جونپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو اس ضمیر فروشی کے ماہرین میں ہے (غزل)
جو اس ضمیر فروشی کے ماہرین میں ہے
وہ آدمی بھی سنا ہے مورخین میں ہے
بڑھا رہا ہے مری سمت دوستی کا ہاتھ
ضرور بات کوئی اس کی آستین میں ہے
زمانہ بیت گیا شہر دشمنی چھوڑے
مرا شمار ابھی تک مہاجرین میں ہے
وہ مجھ سے کہتا ہے پھولوں سے احتیاط کرو
مرا وہ دوست بھی میرے منافقین میں ہے
میں آسمان کی باتوں سے خوش نہیں ہوتا
مرے خمیر کی مٹی اسی زمین میں ہے
ہرن سا وحشی محبت کا درس دیتا ہے
یہ واقعہ ہے کتاب سبکتگین میں ہے
غزل میں عہد نگاری کا حسن بھی ہے کمال
مرا خیال یقیناً کسی حسین میں ہے
ہمیشہ تنگ رہا مجھ پہ زندگی کا لباس (غزل)
ہمیشہ تنگ رہا مجھ پہ زندگی کا لباس
کبھی کھلا نہ مرے جسم پر خوشی کا لباس
حسین پھولوں کی صحبت میں اور کیا ہوتا
الجھ کے رہ گیا کانٹوں میں زندگی کا لباس
جو جل گیا ہے وہی جانتا ہے اپنی جلن
کسی کے جسم پہ اٹتا نہیں کسی کا لباس
یہ کیا ستم کیا تم نے تو چاک کر ڈالا
ذرا ذرا سا مسکنا تھا دوستی کا لباس
سنبھل سنبھل کے چلو احتیاط سے پہنو
بڑے نصیب سے ملتا ہے آدمی کا لباس
لباس دار سے مجھ کو ڈرانے والو سنو
پہن کے آج میں آیا ہوں خود کشی کا لباس
وہ اک فقیر تھا جس نے اتار پھینکا تھا
سفید پوشوں کے منہ پر تونگری کا لباس
حسین نام ہے اک روشنی کے پیکر کا (نظم)
حسین نام ہے اک روشنی کے پیکر کا
حسین فکر بشر کی عظیم منزل ہے
حسین سینۂ انساں میں جاگتا دل ہے
حسین صرف کسی اک بشر کا نام نہیں
حسین ایک علامت ہے زندگی کے لیے
حسین عزم سفر ہے مسافروں کے لیے
حسین زیست کے تپتے ہوئے بیاباں میں
ہے قافلوں کے لیے اک گھنے درخت کا نام
ہے بے کسوں کے لیے قوت عمل کی مثال
فسردہ پھولوں کے دامن پہ مثل شبنم ہے
حسین زیست کا اک با وقار پرچم ہے