ہوش بلگرامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مجھے یاد ہیں وہ دن جو تری بزم میں گزارے (غزل)
مجھے یاد ہیں وہ دن جو تری بزم میں گزارے
وہ جھکی جھکی نگاہیں وہ دبے دبے اشارے
یہ ترا سکوت رنگیں یہ ادائے بے نیازی
کہیں بجھ کے رہ نہ جائیں مری روح کے شرارے
کبھی شوق زندگی تھا کبھی لطف سر خوشی تھا
مگر اب تو جی رہا ہوں تری یاد کے سہارے
یہ چمن چمن بہاریں یہ رواں دواں ہوائیں
انہیں کیا سمجھ سکیں گے غم زندگی کے مارے
مجھے کیا سکون ملتا مرے اشک کیسے تھمتے
کہ مچل رہے ہیں دل میں ترے غم کے تیز دھارے
کہیں ہے وجود ساحل مجھے کیسے باور آئے
مری کشتی تمنا نہ لگی کبھی کنارے
شب انتظار گزری مری زندگی نہ بدلی
وہی ہوشؔ میرے آنسو وہی ڈوبتے ستارے
محبت کی فطرت ہے یہ بے قراری (غزل)
محبت کی فطرت ہے یہ بے قراری
کوئی کیا کرے گا مری غم گساری
وہی کامیابی کے اسرار سمجھا
محبت کی بازی یہاں جس نے ہاری
تمہارے اشاروں پہ چلتی ہے دنیا
نہ مختار یاں ہیں نہ بے اختیاری
مرے دل کو پتھر خدارا نہ سمجھو
نگاہیں پھر اس پر نگاہیں تمہاری
محبت کی قسمت میں لکھی ہوئی ہے
یہی درد مندی یہی اشک باری
زمانہ مرا سوز غم کیا سمجھتا
کہ ہر سانس ہے اک نئی شعلہ باری
غم دل سناتا ہوں میں ہوشؔ ان کو
مگر کوئی دیکھے مری بے قراری