پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حرماں خیرآبادی کی غزلیں — Hirman Khairabadi Ghazals

حرماں خیرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بنائے سجدہ ہوں سجدے کی ابتدا ہوں میں (غزل)

بنائے سجدہ ہوں سجدے کی ابتدا ہوں میں

جو خود نما ہیں وہ دیکھیں خدا‌ نما ہوں میں

مرا وجود ہے اعلان کلمۂ توحید

جہاں میں غیب سے آئی ہوئی ندا ہوں میں

مجھے سلائے گی اب کیا ہوائے خواب فنا

ضیائے حسن سے بیدار ہو چکا ہوں میں

اجل کا کام نہیں میری حل مشکل میں

کہ منزل غم ہستی سے بڑھ گیا ہوں میں

کشش مری یہیں منزل کو کھینچ لائے گی

یہی تو ناز ہے مجھ کو شکستہ پا ہوں میں

جبین شوق کو کیا امتیاز دیر و حرم

کسے خبر ہے کہ کس در پہ جبہ سا ہوں میں

کسی کی لوح جبیں پر شکن یہ کہتی ہے

کہ بے خودی میں کوئی راز کہہ گیا ہوں میں

بس اے تلاطم طوفان آرزو بس کر

کہ اب تباہ سفینے کا ناخدا ہوں میں

مآل کشمکش درد کچھ ہوا حرماںؔ

سنا ہے موت کی اک نیند لے رہا ہوں میں

عالم کی مشکلات کو آساں بنائیے (غزل)

عالم کی مشکلات کو آساں بنائیے

اب درد دل کو مایۂ ایماں بنائیے

یا کیجیے نہ شکوۂ بے لطفیٔ خلش

یا دل کے لخت لخت کو پیکاں بنائیے

یا آرزوئے لطف و کرم ترک کیجیے

یا حال درد قابل درماں بنائیے

یا منہ نہ موڑیئے کبھی آلام دہر سے

یا زندگی کو بے سر و ساماں بنائیے

آنے ہی کو ہے منزل مقصود کی خبر

شیرازۂ حیات پریشاں بنائیے

آسانیوں کو موجب آفات جانیے

دشواریوں کو وجہ صد امکاں بنائیے

جلووں کو قید رسم سے آزاد کیجیے

عالم کو ہر نگاہ میں حیراں بنائیے

تکلیف کیجیے کبھی حرماںؔ کے حال پر

اک بے نوا کو بندۂ احساں بنائیے