پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہیرا لال یادو ہیرا کی غزلیں — Hiralal Yadav Hira Ghazals

ہیرا لال یادو ہیرا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وفا کی امید بے وفا سے رکھا کرو گے تو رو پڑو گے (غزل)

وفا کی امید بے وفا سے رکھا کرو گے تو رو پڑو گے

میں جی رہا ہوں جو زندگی تم جیا کرو گے تو رو پڑو گے

وہ بھول بیٹھا ہے جو سبھی کچھ تو کیوں نہ دل تم اسے بھلا دو

سنو پرانا وہ زخم پھر سے ہرا کرو گے تو رو پڑو گے

سجا کے گھر کو رکھا ہے جس نے بہار ہر پل کیا ہے جس نے

جگر کا ٹکڑا وہ بیٹی گھر سے وداع کرو گے تو رو پڑو گے

ورہ کی راتیں جدائی کے دن بنے تھے دشمن ہماری جاں کے

گزارا تم بن ہے کیسے جیون پتہ کرو گے تو رو پڑو گے

تمہیں کو چاہا تمہیں کو سوچا تمہارا ہی غم بیاں کیا ہے

اگر غزل تم ہماری دل سے پڑھا کرو گے تو رو پڑو گے

برا بہت ہی ہے روگ دل کا نہیں ہے جاتا یہ جاں لیے بن

محبتوں کا جو بھول کر بھی نشہ کرو گے تو رو پڑو گے

بہت ہی کانٹوں بھری ڈگر ہے نہ ختم ہو جو یہ وہ سفر ہے

جہاں میں سچ کی ڈگر پہ ہیراؔ چلا کرو گے تو رو پڑو گے

میری آنکھوں کو نئے خواب دکھانے والے (غزل)

میری آنکھوں کو نئے خواب دکھانے والے

دل میں بھی آؤ نگاہوں میں سمانے والے

ہیں بہت ہی یہاں چلتے کو گرانے والے

آدمی کم ہیں یہاں ساتھ نبھانے والے

دل میں ہے کیا یہ کبھی کھل کے بیاں بھی کر دو

دیکھ کر مجھ کو نگاہوں کو جھکانے والے

جانتا ہوں میں حقیقت جو ترے دل میں ہے

پیار میں گھول مجھے زہر پلانے والے

مانگتی ہیں یہ دعا رب سے وفائیں میری

تو بھی تڑپے مری چاہت کو بھلانے والے

کیا تجھے اپنی جفاؤں کی خبر ہے کچھ بھی

مجھ پہ الزام جفاؤں کا لگانے والے

آ ترے دل میں محبت کا اجالا بھر دوں

دیکھ چہرے کو مرے عید منانے والے

یاد آئیں گی تجھے جب بھی وفائیں میری

تو بھی روئے گا مرے دل کو رلانے والے

اب تو رسماً ہی یہاں لوگ ملا کرتے ہیں

دل ملاتے ہی نہیں ہاتھ ملانے والے

تھک گیا ہوں میں یہاں بوجھ غموں کا ڈھوتے

زندگی میری بدل دنیا بنانے والے

زندگی سکھ کی تسلی میں تجھے کیسے دوں

لوٹ کر لے گئے جب چین زمانے والے

خواب محلوں کے نہیں ہم ہیں سجاتے ہیراؔ

ہم تو انسان ہیں بس کھانے کمانے والے