پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حرا قاسمی کی غزلیں — Hira Qasmi Ghazals

حرا قاسمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سچ کے اوراق پہ جھوٹوں کی کہانی لکھ کر (غزل)

سچ کے اوراق پہ جھوٹوں کی کہانی لکھ کر

لوگ ہیں شاد سرابوں کو بھی پانی لکھ کر

کیا کہوں خود کو ابھی تک نہ سمجھ پائی میں

اس نے جاناں بھی لکھا دشمن جانی لکھ کر

خیمۂ صبر لگائے یہ محبت کے سفیر

رات بھر روتے رہے تشنہ دہانی لکھ کر

دیکھنا پھر یہاں سیلاب امڈ آئے گا

چاہے تو دیکھ لے اشکوں کی روانی لکھ کر

جو گئے وقت میں خوش حال بتاتا تھا ہمیں

آج بیٹھا ہے وہی غم کی دوانی لکھ کر

ذکر آیا جو محبت کا سر بزم حراؔ

لوٹ آئی میں وہاں درد کا ثانی لکھ کر

جنہیں ہم زندگانی میں صدا دل میں بساتے ہیں (غزل)

جنہیں ہم زندگانی میں صدا دل میں بساتے ہیں

نہ جانے کیوں ہمیں وہ خون کے آنسو رلاتے ہیں

خدا کا واسطہ ہے اب تو آ جا میرے مسکن میں

کہ تیرا راستہ ہم اپنی پلکوں سے سجاتے ہیں

محاذ عشق میں دشواریاں تو سب کو ملتی ہیں

مگر جو ہوں قدم ثابت وہی منزل کو پاتے ہیں

نہ جانے کتنے گھر سیلاب نے غرقاب کر ڈالے

عجب ہیں لوگ پھر بھی گھر لب ساحل بناتے ہیں

حیات و مرگ جن کے نام ہم نے اپنی کر ڈالی

سزا وہ قتل ہونے کی سر محفل سناتے ہیں

چھپا کر اشک آنکھوں میں حراؔ اب سوچتی ہوں یہ

نہیں ہوتی ہیں جب جائیں تو دکھ کس کو سناتے ہیں