ہندی گورکھپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ترقیوں کا نیا دور رنگ لایا ہے (غزل)
ترقیوں کا نیا دور رنگ لایا ہے
نئے سماج کا سورج افق پہ آیا ہے
ابھرتے مہر کی دلکش سنہری کرنوں میں
وطن کا اپنے ہر اک ذرہ جگمگایا ہے
ہر ایک منزل دشوار سر کریں گے ہم
نئی امنگ نیا حوصلہ سجایا ہے
فروغ پائے گا اب انگلیوں کا فن سر مو
عروس علم و ہنر نے نقاب اٹھایا ہے
فضا نے لی ہے جو انگڑائی دل پکار اٹھے
ہر ایک سوتر کا اندازہ من کو بھایا ہے
نئی روش ہے چمن کی ہے کاروبار نیا
نئی بہار نے کلیوں کو گدگدایا ہے
ملہار گائیں گی پنکھوں پہ گاؤں کی پریاں
فضا سہانی ہے ابر بہار چھایا ہے
وطن میں روشنی ہے آج بیس سوتروں کی
سحر ہوئی ہے اجالوں کا وقت آیا ہے
ظلمت کو روشنی کی فضا دے رہے ہیں لوگ (غزل)
ظلمت کو روشنی کی فضا دے رہے ہیں لوگ
اک انقلاب نو کا پتہ دے رہے ہیں لوگ
تنہا دیار عشق کی منزل میں ہوں مگر
مجھ کو ہی ہر طرف سے صدا دے رہے ہیں لوگ
میری وفا کا بھول کے بھی تذکرہ نہیں
اس بے وفا کو داد جفا دے رہے ہیں لوگ
جس آشیاں کو آگ لگا دی بہار نے
اس آشیاں کو اور ہوا دے رہے ہیں لوگ
ہندیؔ کو جان بوجھ کے پہچانتے نہیں
اچھا خلوص دل کا صلہ دے رہے ہیں لوگ
ہوتا نہیں دم بھر بھی سکوں اس کو گوارا (نظم)
ہوتا نہیں دم بھر بھی سکوں اس کو گوارا
جس خاطر بیتاب کی فطرت ہی ہے پارا
مظلوم کی فریاد سے جل جائے گا عالم
صد شعلہ بہ داماں ہے ان آہوں کا شرارا
غم دیدوں کو دے عیش و طرب اور عطا کر
تاج سر سلطانیٔ تیمور گدا را
گرما دے رگیں اس کی امارت کے لہو سے
جس ہستیٔ بے مایہ کا غربت ہے سہارا
تخریب کے بندوں کو بس اب ہو نہیں سکتی
انسان کی انسان سے تفریق گوارا
پابند سہی دہر میں آئین جہاں کے
پیران کلیسا کا ہے کیا اس میں اجارا
تہذیب و تمدن ہیں امارت کے سہارے
مزدور کی غربت کا نہیں کوئی سہارا