پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حنا سمیع کی غزلیں — Hina Sami Ghazals

حنا سمیع کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مکمل زندگی کرنے کی چاہت کچھ نہیں ہوتی (غزل)

مکمل زندگی کرنے کی چاہت کچھ نہیں ہوتی

جو لمحہ مل گیا جی لو ریاضت کچھ نہیں ہوتی

جسے محرومیاں ملتی ہیں وہ ہی جان سکتا ہے

زبانی حوصلہ جھوٹی مروت کچھ نہیں ہوتی

اسے چاہا تو یہ سوچا محبت ہی سبھی کچھ ہے

اسے پرکھا تو یہ جانا محبت کچھ نہیں ہوتی

کسی نے چھوڑ کر جانا ہو تو پھر چھوڑ جاتا ہے

بچھڑنا ہو تو صدیوں کی رفاقت کچھ نہیں ہوتی

تعلق ٹوٹ جائے تو سفینے ڈوب جاتے ہیں

یہ سب کہنے کی باتیں ہیں حقیقت کچھ نہیں ہوتی

اسے بارشوں نے چرا لیا کہ وہ بادلوں کا مکین تھا (غزل)

اسے بارشوں نے چرا لیا کہ وہ بادلوں کا مکین تھا

کبھی مڑ کے یہ بھی تو دیکھتا کہ مرا وجود زمین تھا

وہی ایک سچ تھا اور اس کے بعد کی ساری تہمتیں جھوٹ ہیں

مرے دل کو پورا یقین ہے وہ محبتوں کا امین تھا

اسے شوق تھا کہ کسی جزیرے پہ اس کے نام کا پھول ہو

مجھے پیار کرنا سکھا گیا مرا دوست کتنا ذہین تھا

کبھی ساحلوں پہ پھرو گے تو تمہیں سیپیاں ہی بتائیں گی

مری آنکھ میں جو سمٹ گیا وہی اشک سب سے حسین تھا

تجھے کس طرح سے خبر ہوئی کہ مری حیات سنور گئی

ذرا اپنے دل سے تو پوچھ لے یہ گمان تھا کہ یقین تھا