پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حنا شہیدی کی غزلیں — Hina Shaheedi Ghazals

حنا شہیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جوش بہاراں دیکھ رہے ہیں (غزل)

جوش بہاراں دیکھ رہے ہیں

چاک گریباں دیکھ رہے ہیں

ڈوبنے والے سوئے ساحل

تا حد امکاں دیکھ رہے ہیں

شہر کو سارے آگ لگا کر

جشن چراغاں دیکھ رہے ہیں

ہوتا ہے برباد گلستاں

اہل گلستاں دیکھ رہے ہیں

ہم تو سفینہ اپنا بڑھا کر

زور طوفاں دیکھ رہے ہیں

ہم کو حناؔ کرتے تھے جو حیراں

ہم انہیں حیراں دیکھ رہے ہیں

جو صیاد تھے باغباں ہو گئے (غزل)

جو صیاد تھے باغباں ہو گئے

حقائق جو تھے داستاں ہو گئے

جو کل تک تھے اے دوست گم کردہ راہ

وہی رہبر کارواں ہو گئے

چمن سے جنہیں واسطہ ہی نہ تھا

چمن کے وہی پاسباں ہو گئے

ہر اک آستاں پر تھی جن کی جبیں

وہی صاحب آستاں ہو گئے

وہ بجلی ہو آندھی ہو یا زلزلے

ہر اک دشمن آشیاں ہو گئے

جنہیں گفتگو کا سلیقہ نہ تھا

حناؔ اب وہ آتش بیاں ہو گئے