حنا امبرین طارق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مہکتا ہوا آج سارا چمن ہے (غزل)
مہکتا ہوا آج سارا چمن ہے
بہاروں کا مسکن مرا ہی وطن ہے
گلوں کا جو نکھرا ہوا سا بدن ہے
عجب ہے نزاکت غضب بانکپن ہے
سخن کا یہ رستہ بہت ہی کٹھن ہے
مگر ہر سخنور اسی میں مگن ہے
تو جاؤں کہاں اس گلی سے جو نکلوں
کہیں بھی رکوں میں اسی کی لگن ہے
کھڑے ہیں پریشاں یہاں پر سبھی جو
جہاں دیکھتے ہیں فضا میں گھٹن ہے
بظاہر جو کرتے ہیں الفت کی باتیں
انہی کے دلوں میں حسد ہے جلن ہے
حناؔ تم بتا دو کہاں ہے وہ منزل
یہ رستہ ہے کیسا یہ کیسی تھکن ہے
کچھ تو ہمارے درمیاں ہے دل لگی ابھی (غزل)
کچھ تو ہمارے درمیاں ہے دل لگی ابھی
تیری نگاہ ناز میں ہے تشنگی ابھی
خاموشیاں عجیب ہیں اس سرد شہر کی
برفیلی اس ہوا میں ہے دیوانگی ابھی
سوغات مل رہی ہے تری یاد کی مجھے
اس ہجر نے سکھائی بہت شاعری ابھی
وہ بیت ہی گئی جو اماوس کی رات تھی
پھیلی ہے میرے چاروں طرف چاندنی ابھی
جانے وہ کون لوگ تھے جو کر گئے وفا
تم سے تو ہو سکی نہ ذرا دلبری ابھی
اب بھی حناؔ سہے گا نہ جانے وہ کتنے غم
قسمت میں اس کی ہے لکھی یہ بے گھری ابھی
خیال وصل میں (نظم)
خیال وصل میں
میں نے
جو سارے لفظ لکھے ہیں
سبھی ویران شاموں میں
انہی گمنام راہوں میں
وہ شمع بن کے چمکے ہیں
کہ جیسے تم سے ملتے ہیں
وصال یار کی مانند
کڑکتی دھوپ میں بھی جب
تنہا سایہ ہوتا ہے
یہ دل پھر سے مچلتا ہے
ہر اک لفظ بول اٹھتا ہے
کسی شہر تمنا میں
محبت کی مشعل جیسے
مچلتی اور بلکتی ہے
خیال وصل میں پنہاں