حنا عنبرین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم کہاں مجھ سے ملاقات کو آ سکتے ہو (غزل)
تم کہاں مجھ سے ملاقات کو آ سکتے ہو
چلتی گاڑی سے فقط ہاتھ ہلا سکتے ہو
یوں نہیں ہے کہ ہر اک خواب کو تعبیر ملے
ایسا کب ہے جسے چاہو اسے پا سکتے ہو
میرے جیسے ہو تو حاضر ہیں مرے قلب و نظر
اوروں جیسے ہو تو پھر شوق سے جا سکتے ہو
لازمی یہ بھی کہاں ہے کہ ہمارے ہی رہو
دفعتاً اور کسی کو بھی تو بھا سکتے ہو
آسمانوں سے مرے واسطے روشن تارے
باتوں باتوں میں سہی توڑ کے لا سکتے ہو
تم کو تو وسعت اظہار پہ ہے اتنا عبور
جم کے اک شعر اگر کہہ دو تو چھا سکتے ہو
میں زمانے میں محبت کی صدا بانٹتی ہوں
میری آواز میں آواز ملا سکتے ہو
ہم جاہل ناکارہ لوگ (غزل)
ہم جاہل ناکارہ لوگ
ہم پر کریں اجارا لوگ
ہم ہیں راکھ امیدوں کی
وہ ہیں چاند ستارا لوگ
کس کی بات سنے کوئی
بول رہے ہیں بارہ لوگ
ڈوب رہے تھے سب کے سب
بھولے آس کنارا لوگ
دل سے مل کر رہتے ہیں
ایک ہی گھر میں بارہ لوگ
بھائی چارہ ختم ہوا
ہو گئے پارا پارا لوگ
لہجہ کس نے تلخ کیا
چیخا اور پکارا لوگ
ہم تم ہوں اس دنیا میں
ہم کو نہیں گوارا لوگ
سالوں بعد ہوئے یکجا
آ گئے بیچ دوبارہ لوگ