پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حنا علی کی غزلیں — Hina Ali Ghazals

حنا علی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا بتاؤں کے مرے واسطے کیا کیا تم ہو (غزل)

کیا بتاؤں کے مرے واسطے کیا کیا تم ہو

میری غزلیں مری نظمیں مرا لہجہ تم ہو

دنیا والوں سے تعلق نہیں رکھا میں نے

مجھ کو دنیا سے غرض کیا مری دنیا تم ہو

تم کو اس درجہ عقیدت سے پڑھا ہے جیسے

آسمانوں سے جو اترا وہ صحیفہ تم ہو

تم نہ ہوتے تو مری زیست کٹھن ہو جاتی

میرے جیون کے اندھیرے میں اجالا تم ہو

کیوں مسیحاؤں سے مرہم کی طلب ہو مجھ کو

سچ تو یہ ہے مرے زخموں کا مداوا تم ہو

میری شہرت کا وسیلہ ہے تمہاری نسبت

میری پہچان ہو تم میرا حوالہ تم ہو

اپنی تقدیر کے لکھے پہ ہے ایمان مرا

میرے ہمدم مری تقدیر کا لکھا تم ہو

کیسی نظروں سے تکتے ہو تم بھی نا (غزل)

کیسی نظروں سے تکتے ہو تم بھی نا

پھر انجان سے بن جاتے ہو تم بھی نا

وصل کی خواہش سے لبریز تمہارا دل

پھر بھی جانے کا کہتے ہو تم بھی نا

جذبوں کا طوفان چھپا ہے سینے میں

لیکن پھر بھی چپ رہتے ہو تم بھی نا

دل کی بات لبوں پر لے آتے ہو تم

لیکن بات بدل دیتے ہو تم بھی نا

شاعرہ ہونے پر تم میرے خوش نہیں پر

دل ہی دل میں خوش ہوتے ہو تم بھی نا

جانے والا آ نہیں سکتا پتہ بھی ہے

پھر بھی رستہ دیکھ رہے ہو تم بھی نا

اندر کا پگھلاؤ آنکھ سے بہہ نکلا

لیکن پتھر بنے ہوئے ہو تم بھی نا