حنا عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کاش مل جائے مرے دل کو محبت تیری (غزل)
کاش مل جائے مرے دل کو محبت تیری
مجھ کو ہر شے سے زیادہ ہے ضرورت تیری
اتنی عجلت میں نہ کر عمر کے وعدے مجھ سے
دو گھڑی بیٹھ کہ میں دیکھ لوں صورت تیری
چاہے جتنا بھی تو چھپ جائے مری نظروں سے
میں نے ہر ایک میں دیکھی ہے شباہت تیری
اے محبت نہ ملا مجھ کو صلہ تجھ سے کوئی
فرض کر لی ہے مگر خود پے عبادت تیری
چاہے جو مانگ لے مجھ سے ہے سبھی کچھ تیرا
یہ مری جاں یہ مرا دل ہے امانت تیری
جو بھی کہنا تھا وہ ان کہا رہ گیا (غزل)
جو بھی کہنا تھا وہ ان کہا رہ گیا
دل کا ارمان دل میں دبا رہ گیا
عمر بھر اس کی جانب میں چلتی رہی
پھر بھی میلوں کا یہ فاصلہ رہ گیا
یوں تو دنیا میں سب کچھ ہے مجھ کو ملا
صرف تو ہی تو مجھ سے جدا رہ گیا
اپنی کہتا رہا میری اک نا سنی
وہ خفا تھا خفا کا خفا رہ گیا
آ گیا لوٹ کر وہ مرے پاس ہی
مجھ میں پھر بھی کہیں اک خلا رہ گیا
کیا بتاؤں تمہیں اپنی تقدیر سے
کیا ملا ہے مجھے اور کیا رہ گیا
ڈھونڈتے ڈھونڈتے میں کہیں کھو گئی
وہ بھی میرے لیے لاپتہ رہ گیا
منزلیں مل گئیں جانے کس کو حناؔ
اپنی قسمت میں بس راستہ رہ گیا