پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہمانشو چکرپانی کی غزلیں — Himanshu Chakrpani Ghazals

ہمانشو چکرپانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دوست سازش کمال کرتے ہیں (غزل)

دوست سازش کمال کرتے ہیں

میرا بد حال حال کرتے ہیں

میں نے سجدے میں سر جھکایا تو

میری گردن حلال کرتے ہیں

آج کل جاں نثار بھی میرے

نفرتیں لازوال کرتے ہیں

با خدا بے سہارا جان کر سب

میرا جینا محال کرتے ہیں

ہاتھ دکھتی رگوں پہ رکھ کر پھر

لوگ مجھ سے سوال کرتے ہیں

دیکھ کر والدین کی صورت

ہم خدا کا خیال کرتے ہیں

قلب میں چکرپانیؔ خنجر بھی

بارہا بد خصال کرتے ہیں

مسئلہ یہ ہے کہ اظہار ابھی باقی ہے (غزل)

مسئلہ یہ ہے کہ اظہار ابھی باقی ہے

چاندنی رات میں دیدار ابھی باقی ہے

چاند کا حسن گلابوں کی مہک ہے اس میں

پھر بھی کہتی ہے کہ سنگار ابھی باقی ہے

صرف کنگن کے کھنکنے سے ہوا دل گھائل

سوچو پازیب کی جھنکار ابھی باقی ہے

ہے غزل نصف صنم آپ مکمل کر دو

دل پہ لکھا ہوا اک شعر ابھی باقی ہے

جو بھی اب تک ہوئی تخلیق سبھی معمولی

قابل ذکر تو شہکار ابھی باقی ہے

آج محسوس ہوا دل کے کسی کونے میں

اس فریبی کے لیے پیار ابھی باقی ہے

ناؤ کو موڑ لے جو ڈوبنے سے ڈرتے ہیں

یہ تو ساحل ہی ہے منجدھار ابھی باقی ہے