پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہمانشی بابرا کی غزلیں — Himanshi Babra Ghazals

ہمانشی بابرا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل ایسے مبتلا ہوا تیرے ملال میں (غزل)

دل ایسے مبتلا ہوا تیرے ملال میں

زلفیں سفید ہو گئیں انیس سال میں

ایسے وہ رو رہا تھا مرا حال دیکھ کر

آیا ہوا ہو جیسے کسی انتقال میں

یہ بات جانتی ہوں مگر مانتی نہیں

دن کٹ رہے ہیں آج بھی تیرے خیال میں

اک بار مجھ کو اپنی نگہبانی سونپ دے

عمریں گزار دوں گی تری دیکھ بھال میں

وہ تو سوال پوچھ کے آگے نکل گیا

اٹکی ہوئی ہوں میں مگر اس کے سوال میں

لوگ تو لوگ ہیں لوگوں کی طرح دیکھتے ہیں (غزل)

لوگ تو لوگ ہیں لوگوں کی طرح دیکھتے ہیں

اور ہم ہیں تجھے بچوں کی طرح دیکھتے ہیں

ہم کو دنیا نے لکڑہارا سمجھ رکھا ہے

ہم تو پیڑوں کو پرندوں کی طرح دیکھتے ہیں

میں جو دیکھوں تو جھپکتی نہیں آنکھیں میری

اور حضرت مجھے اندھوں کی طرح دیکھتے ہیں

تم تو پھر غیر ہو تم سے تو شکایت کیسی

میرے اپنے مجھے غیروں کی طرح دیکھتے ہیں

تیرا دیدار قضا ہوتا نہیں ہے ہم سے

ہم تجھے فرض نمازوں کی طرح دیکھتے ہیں