پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہمادری ورما کی غزلیں — Himadri Verma Ghazals

ہمادری ورما کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ذہن میں میرے ابھی کوئی کسک باقی ہے (غزل)

ذہن میں میرے ابھی کوئی کسک باقی ہے

تجھ سے دوری کی تڑپ آج تلک باقی ہے

میری آنکھوں میں کہیں تیری چمک باقی ہے

میری بانہوں میں ترے تن کی لچک باقی ہے

وہ بہاروں کا ہو موسم یا خزاں کی رت ہو

پیار کے باغ میں ہر گل کی مہک باقی ہے

میرے کمرے میں پڑی شیشے کی کرچی میں بھی

دھندلی دھندلی سی کہیں تیری جھلک باقی ہے

جتنی رخسار کی لالی میں ہے باقی میرے

عشق میں میرے ابھی اتنی دہک باقی ہے

ہر کسی کی یہی اک کہانی ملی (غزل)

ہر کسی کی یہی اک کہانی ملی

ڈھونڈھی خوشیاں تو غم کی نشانی ملی

خوف سے شہر سہمے ملے تھے سبھی

غم زدہ ان میں ان کی جوانی ملی

ایک عرصہ ہوا جو نہ ہنس کے ملے

ہنستی تصویر ان کی پرانی ملی

ہم رہے بد دعا سے صدا بے اثر

ہم کو ماں کی دعا آسمانی ملی

روٹی دو تھی تو اک بھوکے سے بانٹ لی

ہم کو تہذیب یہ خاندانی ملی