پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہلال فرید کی غزلیں — Hilal Fareed Ghazals

ہلال فرید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رکنے کے لیے دست ستم گر بھی نہیں تھا (غزل)

رکنے کے لیے دست ستم گر بھی نہیں تھا

افسوس کسی ہاتھ میں پتھر بھی نہیں تھا

باہر جو نہیں تھا تو کوئی بات نہیں تھی

احساس ندامت مگر اندر بھی نہیں تھا

جنت نہ مجھے دی تو میں دوزخ بھی نہ لوں گا

مومن جو نہیں تھا تو میں کافر بھی نہیں تھا

لوٹا جو وطن کو تو وہ رستے ہی نہیں تھے

جو گھر تھا وہاں وہ تو مرا گھر بھی نہیں تھا

انجام تو ظاہر تھا صفیں ٹوٹ چکی تھیں

سالار معزز سر لشکر بھی نہیں تھا

افسوس قبیلے پہ کھلا غیر کے ہاتھوں

سردار کے پہلو میں تو خنجر بھی نہیں تھا

جو بات کہی تھی وہ بہت صاف کہی تھی

دل میں جو نہیں تھا وہ زباں پر بھی نہیں تھا

یہ سچ ہے قصیدہ نہ ہلالؔ ایک بھی لکھا

یہ سچ ہے کہ میں شاہ کا نوکر بھی نہیں تھا

یہ وصال و ہجر کا مسئلہ تو مری سمجھ میں نہ آ سکا (غزل)

یہ وصال و ہجر کا مسئلہ تو مری سمجھ میں نہ آ سکا

کبھی کوئی مجھ کو نہ پا سکا کبھی میں کسی کو نہ پا سکا

کئی بستیوں کو الٹ چکا کوئی تاب اس کی نہ لا سکا

مگر آندھیوں کا یہ سلسلہ ترا نقش پا نہ مٹا سکا

مری داستاں بھی عجیب ہے وہ قدم قدم مرے ساتھ تھا

جسے راز دل نہ بتا سکا جسے داغ دل نہ دکھا سکا

نہ ہی بجلیاں نہ ہی بارشیں نہ ہی دشمنوں کی وہ سازشیں

بھلا کیا سبب ہے بتا ذرا جو تو آج بھی نہیں آ سکا

کبھی روشنی کی طلب رہی کبھی حوصلوں کی کمی رہی

میں چراغ کو ترے نام کے نہ جلا سکا نہ بجھا سکا

وہ جو عکس رنگ ہلالؔ تھی وہ جو آپ اپنی مثال تھی

مجھے آج تک ہے خلش یہی تجھے وہ غزل نہ سنا سکا