پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہلال بدایونی کی غزلیں — Hilal Badayuni Ghazals

ہلال بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مرے نکاح سے پہلے یہ بات لکھ دینا (غزل)

مرے نکاح سے پہلے یہ بات لکھ دینا

تم اپنے مہر میں میری حیات لکھ دینا

مری تمنا ہے ہو جاؤں تم سے میں منسوب

تم اپنا نام مرے ساتھ ساتھ لکھ دینا

سزا ملے نہ تمہیں جرم بے وفائی کی

ہر ایک جرم میں تم میرا ہاتھ لکھ دینا

وہ جس کا کوئی نہیں اور کیا لکھو گے اسے

تم ایسا کرنا مرا دل اناتھ لکھ دینا

تمہارے تجربے دنیا کے کام آئیں گے

ہلالؔ عشق کے سب تجربات لکھ دینا

رب نے عطا کیے ہیں مقدر الگ الگ (غزل)

رب نے عطا کیے ہیں مقدر الگ الگ

ہوتے ہیں شہرتوں کے بھی منظر الگ الگ

مایوس وہ بھی اور پریشان میں بھی ہوں

کھائی بچھڑ کے چوٹ دلوں پر الگ الگ

اک گھر کو اپنے خون سے سینچا تھا باپ نے

بیٹے نے پل میں کر دئے دو گھر الگ الگ

دو لوگ بننا چاہتے تھے میر کارواں

دونوں کی ضد پے ہو گئے لشکر الگ الگ

شبنم بنے ہوئے کبھی شعلہ بنے ہوئے

اشکوں کے بھی مزاج ہیں رخ پر الگ الگ

زخمی کیا گیا مجھے لفظوں کے وار سے

ہوتے ہیں دوستوں کے بھی خنجر الگ الگ

ہر کوئی کر رہا ہے نمائش وجود کی

دریا الگ الگ تو سمندر الگ الگ

انداز صرف تیرا نہیں منفرد ہلالؔ

سارے سخنوروں کے ہیں تیور الگ الگ