پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہجر ناظم علی خان کی غزلیں — Hijr Nazim Ali Khan Ghazals

ہجر ناظم علی خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کچھ محبت میں عجب شیوۂ دل دار رہا (غزل)

کچھ محبت میں عجب شیوۂ دل دار رہا

مجھ سے انکار رہا غیر سے اقرار رہا

کچھ سروکار نہیں جان رہے یا نہ رہے

نہ رہا ان سے تو پھر کس سے سروکار رہا

شب خلوت وہی حجت وہی تکرار رہی

وہی قصہ وہی غصہ وہی انکار رہا

طالب دید کو ظالم نے یہ لکھا خط میں

اب قیامت پہ مرا وعدۂ دیدار رہا

حال دل بزم میں اس شوخ سے ہم کہہ نہ سکے

لب خاموش کی صورت لب اظہار رہا

کچھ خبر ہے تجھے او چین سے سونے والے

رات بھر کون تری یاد میں بیدار رہا

اک نظر نزع میں دیکھی تھی کسی کی صورت

مدتوں قبر میں بے چین دل زار رہا

دل ہمارا تھا ہمارا تھا ہمارا لیکن

ان کے قابو میں رہا ان کا طرفدار رہا

عمر ہنس کھیل کے اس طرح گزاری اے ہجرؔ

دوست کا دوست رہا یار کا میں یار رہا

شب فراق کچھ ایسا خیال یار رہا (غزل)

شب فراق کچھ ایسا خیال یار رہا

کہ رات بھر دل غم دیدہ بے قرار رہا

کہے گی حشر کے دن اس کی رحمت بے حد

کہ بے گناہ سے اچھا گناہگار رہا

ترا خیال بھی کس درجہ شوخ ہے اے شوخ

کہ جتنی دیر رہا دل میں بے قرار رہا

شراب عشق فقط اک ذرا سی چکھی تھی

بڑا سرور گھٹا مدتوں خمار رہا

انہیں غرض انہیں مطلب وہ حال کیوں پوچھیں

بلا سے ان کی اگر کوئی بے قرار رہا

تمہیں کبھی نہ کبھی مر کے بھی دکھا دوں گا

جو زندگی نے وفا کی جو برقرار رہا

ادائیں دیکھ چکے آئینے میں آپ اپنی

بتائیے تو سہی دل پر اختیار رہا

شب وصال بڑے لطف سے کٹی اے ہجرؔ

تمام رات کسی کے گلے کا ہار رہا