ہجر مومن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندہ ہیں مگر زندگی آسان نہیں ہے (غزل)
زندہ ہیں مگر زندگی آسان نہیں ہے
ہم کو کوئی خواہش کوئی ارمان نہیں ہے
اک ہم کہ جو لکھتے ہیں ترے نام پہ غزلیں
اک تو کہ جسے شعر کی پہچان نہیں ہے
اندر کے سب احوال کا اللہ ہی ہے حافظ
باہر سے کوئی چاک گریبان نہیں ہے
جنت کی کوئی حور ہے یا نور خدا ہے
وہ حسن مگر پیکر انسان نہیں ہے
ممکن ہے کہ آگے ہو اسے مجھ سے محبت
فی الحال تو ایسا کوئی امکان نہیں ہے
قرآن تو پڑھتے ہیں کئی لوگ یہاں ہجرؔ
ہر شخص مگر صاحب قرآن نہیں ہے
داد و دہش کا آپ کی خوگر نہیں ہوں میں (غزل)
داد و دہش کا آپ کی خوگر نہیں ہوں میں
بے ساختہ سخن ہوں مقرر نہیں ہوں میں
تعریف تیرے حسن کی آتی ہے غیب سے
میرے قلم کے ساتھ تو یکسر نہیں ہوں میں
مصروفیت کا مجھ پہ یوں حملہ ہوا کہ اب
خود اپنے آپ کو بھی میسر نہیں ہوں میں
بندے تو اندھی دنیا میں ہے کس کو ڈھونڈھتا
اندر سے مجھ کو ڈھونڈ کہ باہر نہیں ہوں میں
تو بھی کبھی وہاں سے مرا حال چال پوچھ
ہر بار تیرے باپ کا نوکر نہیں ہوں میں
سوتے ہیں ایک ساتھ ہی میں اور اضطراب
آئے گی نیند جس میں وہ بستر نہیں ہوں میں
تو سر سے لے کے پاؤں تا پوری غزل ہے اور
تیرے ردیف کے بھی برابر نہیں ہوں میں