حجاب عباسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں اکثر سوچتی ہوں زندگی کو کون لکھے گا (غزل)
میں اکثر سوچتی ہوں زندگی کو کون لکھے گا
نہ میں لکھوں تو پھر اس بے بسی کو کون لکھے گا
بہت مصروف ہیں اہل جہاں ہرزہ سرائی میں
اب آشوب سخن میں بے حسی کو کون لکھے گا
کئی صدیاں گزاریں منزلوں کے کھوج میں پھرتے
تو پھر میرے سوا اس گمرہی کو کون لکھے گا
ہم اس شہر جفا پیشہ سے کچھ امید کیا رکھیں
یہاں اس ہاؤ ہو میں خامشی کو کون لکھے گا
اسے فرصت نہیں ساحل، سمندر، موج لکھنے سے
پریشاں ہوں مری تشنہ لبی کو کون لکھے گا
حجابؔ اس شہر نا پرساں میں سب جھگڑا انا کا ہے
سرور خود پرستی میں خودی کو کون لکھے گا
دعا ہی وجہ کرامات تھوڑی ہوتی ہے (غزل)
دعا ہی وجہ کرامات تھوڑی ہوتی ہے
غضب کی دھوپ میں برسات تھوڑی ہوتی ہے
رہ وفا کی روایت ہے سر جھکا رکھنا
بساط عشق پہ یہ مات تھوڑی ہوتی ہے
جو اپنا نام صف معتبر میں لکھتے ہیں
خود ان سے اپنی ملاقات تھوڑی ہوتی ہے
بہت سے راز دلوں کے دلوں میں رہتے ہیں
اسے بتانے کی ہر بات تھوڑی ہوتی ہے
دل و نظر میں جو بس جائے دل ربا ٹھہرے
کہ دل ربائی کوئی ذات تھوڑی ہوتی ہے
حجابؔ اہل جنوں میں شمار ہونے کی
اساس عزت سادات تھوڑی ہوتی ہے
کھلی آنکھوں سے دنیا کا تماشا دیکھتے رہنا (نظم)
کھلی آنکھوں سے دنیا کا تماشا دیکھتے رہنا
زباں سے کچھ نہیں کہنا
طواف رائیگاں کی عادتیں بھی اب پرانی ہیں
یقیں آثار گھڑیاں بھی تصرف میں نہیں میرے
انہی آنکھوں کے اک گوشے میں ست رنگے سہانے خواب رکھے ہیں
کہیں آدھی رفاقت کی کسک نے گھر بنایا ہے
کہیں تکمیل کی خواہش
کسی سنگ گراں کے عکس کی صورت مجھے بے چپن رکھتی ہے
کہیں رنج و الم کے زرد لمحے کسمسا کر بیٹھ رہتے ہیں
یہاں خوں بار منظر بھی کئی برسوں سے ٹھہرے ہیں
یہ آنکھیں ہیں کہ کوئی خانماں برباد بستی ہے
میں اب ان کی حفاظت کر نہیں سکتی
سو میں نے اپنی آنکھیں آج نیلامی میں رکھ دی ہیں