پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہمانشو پانڈے کی غزلیں — Hiamanshu Panday Ghazals

ہمانشو پانڈے کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زمانہ ایک وہ بھی تھا سہارے تھے تمہارے ہم (غزل)

زمانہ ایک وہ بھی تھا سہارے تھے تمہارے ہم

کھڑے ہیں اب ذرا دیکھو دواروں کے سہارے ہم

بتا کر ایک مصرع میں ندی سا حسن وہ تیرا

ملے پھر دوسرے مصرعے اسی دریا کنارے ہم

کسی سے جو نہیں ہارا وہ اپنوں سے تو ہارا ہے

تمہارے سامنے جیسے محبت پھر سے ہارے ہم

تمہی ہر روز مجھ کو خود سے تھوڑا دور کرتے تھے

فلک تک دور جب پہنچے ہوئے ہیں پھر ستارے ہم

دریچے ہی دریچے تھے کوئی بھی در نہیں آیا (غزل)

دریچے ہی دریچے تھے کوئی بھی در نہیں آیا

صداؤں کی کمی تھی کیا جو تو باہر نہیں آیا

اگر ہے دولتوں میں دم خریدو تم مرا سایہ

میں وہ بیجو جو اکبر کے بلانے پر نہیں آیا

بہت میٹھا سا لگتا ہے تری آنکھوں کا پانی کیوں

تری آنکھوں کے حصے کیا کبھی ساگر نہیں آیا

ہزاروں لوگ بس یہ جسم چھو کر لوٹ جاتے ہیں

ہوا عرصہ کوئی اس روح کے اندر نہیں آیا

ہمارے غم کا پیمانہ ہے اب تو اوسطاً اتنا

کبھی موسم بہاروں کا زیادہ تر نہیں آیا