ہرش ادیب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میرے گھر کے سارے برتن اب پرانے ہو گئے (غزل)
میرے گھر کے سارے برتن اب پرانے ہو گئے
جو عبادت کی جگہ تھی غسل خانے ہو گئے
گھر مقفل ہو گیا ہے اک نئی تعمیر کو
گھر میں رہنے والے پنچھی بے ٹھکانے ہو گئے
جس گلی میں پسلیاں ٹوٹی تھیں میرے عشق کی
اس گلی سے اب تو گزرے بھی زمانے ہو گئے
کر رہے تھے آبشاروں کی بڑی تعریف سب
سامنے جو میکدے آئے ٹھکانے ہو گئے
شادیاں ایسی بھی دیکھیں بچپنے میں با خدا
جب گھروں کی چادریں ہی شامیانے ہو گئے
جن گنہ گاروں کو دینے لوگ آئے ہیں سزا
ان کو تو دریا میں ڈوبے اک زمانے ہو گئے
کب تری تیمارداری سے ملی فرصت مجھے
گھر بھی لگتا ہے دوا کے کارخانے ہو گئے
دشت کی اب بے رخی سے آ گئے عاجز ادیبؔ
پیڑ بوڑھے ہو گئے پنچھی سیانے ہو گئے
تجھ کو ہاتھوں کی لکیروں میں بسایا جائے (غزل)
تجھ کو ہاتھوں کی لکیروں میں بسایا جائے
تیرے ہر درد کو سولی پہ چڑھایا جائے
گھر سے بھاگی ہوئی لڑکی کی طرح ہے جیون
اس کو ماں باپ کے گھر چھوڑ کے آیا جائے
زندگی تلخ سوالوں کے ہوں پنے جیسے
ان سوالوں کو سلیبس سے ہٹایا جائے
اب مناسب نہیں رشتہ کو مسلسل رکھنا
میرے خط کو کسی دریا میں بہایا جائے
رات میں رونے سے ماں باپ پریشاں ہوں گے
اپنے جذبات کو تکیے میں چھپایا جائے
بھوک زوروں سے لگی ہو تو خدا کیا کیجے
کھوٹے سکے کو اندھیرے میں چلایا جائے