پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حنانہ برجیس کی غزلیں — Henana Berijis Ghazals

حنانہ برجیس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

غم کا رشتہ عجیب ہوتا ہے (غزل)

غم کا رشتہ عجیب ہوتا ہے

کون کس کا حبیب ہوتا ہے

چاندنی سے جھلس گیا دامن

اپنا اپنا نصیب ہوتا ہے

آپ یوں ہی خفا ہیں قسمت سے

چاند کس کے قریب ہوتا ہے

بال اس میں پڑا نہیں ملتا

دل کا شیشہ عجیب ہوتا ہے

کیوں سمجھ میں کبھی نہیں آتا

وہ جو سب سے قریب ہوتا ہے

جھیل کہ تہہ میں پڑے مردہ شکاروں کی طرح (غزل)

جھیل کہ تہہ میں پڑے مردہ شکاروں کی طرح

ڈوب جائیں گے کبھی ہم بھی ہزاروں کی طرح

اس کی آنکھوں میں نئی رت کا ہے پیغام مگر

پھیرتا بھی ہے نظر جاتی بہاروں کی طرح

چار دیواروں کا دل آئنہ خانہ ہی سہی

اک سمندر کو سنبھالے ہے کناروں کی طرح

ڈل کے سینے سے اکھاڑے گئے سب سرخ کنول

دیکھتے رہ گئے ہم چار چناروں کی طرح

اس کی آہٹ سے مہک اٹھی ہے وادی ساری

ہم بھی اک آس میں بیٹھے ہیں ہزاروں کی طرح