پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہیرا نند سوزؔ کی غزلیں — Heeranand Soz Ghazals

ہیرا نند سوزؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ میرے شیشۂ دل پر خراش چھوڑ گیا (غزل)

وہ میرے شیشۂ دل پر خراش چھوڑ گیا

دیار روح میں اک ارتعاش چھوڑ گیا

قدم قدم پہ ہوا جب منافقت کا شکار

تو اپنے شہر کی وہ بود و باش چھوڑ گیا

وہاں سے منزل عرفان ذات دور نہ تھی

وہ جس مقام پہ اس کی تلاش چھوڑ گیا

وہ شخص آپ ہی قاتل تھا آپ ہی مقتول

جہاں جہاں بھی گیا اپنی لاش چھوڑ گیا

کمال درجہ تھا اس میں شعور تیشہ گری

مرے وجود کو وہ پاش پاش چھوڑ گیا

تھا اس کے دست ہنر میں بھی آذری کا کمال

مگر وہ اپنا ہی بت ناتراش چھوڑ گیا

کوئی مونس نہیں میرا کوئی غم خوار نہیں (غزل)

کوئی مونس نہیں میرا کوئی غم خوار نہیں

کیا میں اتنی سی مروت کا بھی حق دار نہیں

میرے ہی دم سے جنہیں عظمت کردار ملی

وہی کہتے ہیں کہ میں صاحب کردار نہیں

اہتمام رسن و دار ہے اب کس کے لیے

میں خطا‌ وار نہیں آپ خطا‌ وار نہیں

منصف شہر کو دے کون سوالوں کے جواب

اب کسی شخص میں بھی جرأت گفتار نہیں

سلسلہ اونچے مکانوں کا ہے تا حد نظر

شہر میں پھر بھی کہیں سایۂ دیوار نہیں

قافلے والے کہاں پائیں گے منزل کا نشاں

جذبۂ شوق نہیں گرمئ رفتار نہیں

کیا فقط داد ہے شاعر کی ریاضت کا صلہ

سوزؔ کیا مشق سخن کاوش بیکار نہیں