پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہیرا لال فلک دہلوی کی غزلیں — Heera Lal Falak Dehlvi Ghazals

ہیرا لال فلک دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ساقیا یہ جو تجھ کو گھیرے ہیں (غزل)

ساقیا یہ جو تجھ کو گھیرے ہیں

ان میں کچھ رند کچھ لٹیرے ہیں

اپنی تہذیب کھا رہی ہے ہمیں

سانپ کے منہ میں خود سپیرے ہیں

جس نے بخشے ہیں پھول گلشن کو

اس نے کچھ خار بھی بکھیرے ہیں

کل جو طوفان تھا سمندر میں

اس کے اب ساحلوں پہ ڈیرے ہیں

تیرے بارے میں کچھ نہیں معلوم

ہم اگر ہیں تو صرف تیرے ہیں

ہوش و غفلت میں پاس ہی موجود

مجھ کو وہ ہر طرف سے گھیرے ہیں

تم سے تو کیا نظر ملائیں گے

خود سے بھی ہم نگاہ پھیرے ہیں

درحقیقت وہی عدو ہیں فلکؔ

جن کو کہتا ہے تو کہ میرے ہیں

ہو خدا کا کرم ارادوں پر (غزل)

ہو خدا کا کرم ارادوں پر

جی رہے ہیں کسی کے وعدوں پر

زندگی کو بنا دیا ہے چمن

پھول برسیں تمہاری یادوں پر

اصلیت کیا ہے یہ خدا جانے

زندہ اب تک ہیں اعتقادوں پر

پاس آ کر گریز کرتے ہو

ظلم ہے یہ مری مرادوں پر

چھن گئے تخت بادشاہوں کے

تنگ دنیا ہے شاہ زادوں پر

مل کے سب امن و چین سے رہئے

لعنتیں بھیجئے فسادوں پر

اے فلکؔ ناز ہے فقیری میں

مجھ کو بوسیدہ ان لبادوں پر