پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حیات لکھنوی کی غزلیں — Hayat Lakhnavi Ghazals

حیات لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سلسلہ خوابوں کا سب یوں ہی دھرا رہ جائے گا (غزل)

سلسلہ خوابوں کا سب یوں ہی دھرا رہ جائے گا

ایک دن بستر پہ کوئی جاگتا رہ جائے گا

ایک خواہش دل کو غیر آباد کرتی جائے گی

اک پرندہ دور تک اڑتا ہوا رہ جائے گا

چار سو پھیلی ہوئی بے چہرگی کی دھند میں

ایک دن بے عکس ہو کر آئنہ رہ جائے گا

ہر صدا سے بچ کے وہ احساس تنہائی میں ہے

اپنے ہی دیوار و در میں گونجتا رہ جائے گا

مدعا ہم اپنا کاغذ پر رقم کر جائیں گے

وقت کے ہاتھوں میں اپنا فیصلا رہ جائے گا

دو گھڑی کے واسطے آ کر چلے جاؤ گے تم

پھر مری تنہائیوں کا سلسلا رہ جائے گا

اب دلوں میں کوئی گنجائش نہیں ملتی حیاتؔ

بس کتابوں میں لکھا حرف وفا رہ جائے گا

یہ جذبۂ طلب تو مرا مر نہ جائے گا (غزل)

یہ جذبۂ طلب تو مرا مر نہ جائے گا

تم بھی اگر ملوگے تو جی بھر نہ جائے گا

یہ التجا دعا یہ تمنا فضول ہے

سوکھی ندی کے پاس سمندر نہ جائے گا

جس زاویے سے چاہو مری سمت پھینک دو

مجھ سے ملے بغیر یہ پتھر نہ جائے گا

دم بھر کے واسطے ہیں بہاریں سمیٹ لو

ویرانیوں کو چھوڑ کے منظر نہ جائے گا

یوں خوش ہے اپنے گھر کی فضاؤں کو چھوڑ کر

جیسے وہ زندگی میں کبھی گھر نہ جائے گا

اس کو بلندیوں میں مسلسل اچھالیے

لیکن وہ اپنی سطح سے اوپر نہ جائے گا

شہر مراد مل بھی گیا اب تو کیا حیاتؔ

مایوسیوں کا دل سے کبھی ڈر نہ جائے گا

میں صبح تازگی اوڑھے ہوئے (نظم)

میں صبح تازگی اوڑھے ہوئے

گھر سے نکلتا

شام اپنے جسم کو لادے ہوئے

جب گھر میں آتا تھا

میرا بیٹا

مرقع میری خوشیوں کا

مری آواز سنتے ہی

خوشی سے چیختا کہتا

کہ ابا آ گئے میرے مرے ابا مرے ابا

اچکتا بے تحاشا دوڑ کر

وہ مجھ کو چھو لینے کی خواہش میں

لپکتا میری ٹانگوں سے لپٹ کر

سر اٹھاتا اور پھر ہاتھوں کو پھیلا کر

بڑی بے تابیوں کے ساتھ

میری گود میں آتا

مجھے اک لمس دے کر

جسم کی ساری تھکن کو چوس لیتا تھا

مگر اب وہ مرے قد کے برابر

میرے ارمانوں کا پیکر میری ڈھارس ہے

میں کب گھر سے نکلتا ہوں

کب اپنے گھر میں آتا ہوں

اسے معلوم ہوتا ہے

مگر وہ بھی تھکے ماندے بدن سے چور ہوتا ہے

میں اس کو دیکھتا ہوں جب

وہی معصوم سی صورت

مری آنکھوں میں پھرتی ہے

محبت سے بھرا طوفان

میرے دل میں اٹھتا ہے

میں اس کو پیار کرنے کی تمنا میں

قدم جیسے بڑھاتا ہوں

کوئی حد

کوئی سرحد درمیاں محسوس ہوتی ہے