پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حیات مدراسی کی غزلیں — Hayat Madrasi Ghazals

حیات مدراسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پر جبریل بھی جس راہ میں جل جاتے ہیں (غزل)

پر جبریل بھی جس راہ میں جل جاتے ہیں

ہم وہاں سے بھی بہت دور نکل جاتے ہیں

محفل دل کو ہے مانگے کے اجالے سے گریز

دیپ داغوں کے سر شام ہی جل جاتے ہیں

صاف اڑ جاتا ہے خاصان خرابات کا رنگ

ہم وہ مے خوار ہیں پی پی کے سنبھل جاتے ہیں

اک حقیقت ہی حقیقت ہے ازل ہو کہ ابد

ویسے افسانوں کے عنوان بدل جاتے ہیں

دیکھیے نقش کف پائے وفا کا اعجاز

راستے دودھ کے مانند ابل جاتے ہیں

زندگی اصل میں تعمیر محبت ہے حیاتؔ

دے کے ہم دہر کو پیغام عمل جاتے ہیں

کس کو معلوم کہ وہ لوگ کہاں رہتے ہیں (غزل)

کس کو معلوم کہ وہ لوگ کہاں رہتے ہیں

تیری دھن میں جو شب و روز رواں رہتے ہیں

جو فسانے سبق آموز جہاں رہتے ہیں

تا دم مرگ وہی ورد زباں رہتے ہیں

تلخئ غم ہی سہی تلخیٔ ایام سہی

گامزن ہم بہ رہ زندہ دلاں رہتے ہیں

بے زبانی پہ نہ جا اپنی کہ مجذوب سہی

خود فراموش حقیقت نگراں رہتے ہیں

تیری محفل میں چراغوں کی ضرورت کیا ہے

غم کے شعلے تو سر شام جواں رہتے ہیں

موسم گل میں بھی ہم اہل جنوں زنداں میں

بے نیاز خبر سود و زیاں رہتے ہیں