ہرش سکسینہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سکوں ملتا نہیں جب بھی تو ماں کی یاد آتی ہے (غزل)
سکوں ملتا نہیں جب بھی تو ماں کی یاد آتی ہے
کہ جیسے بارشوں کی رت میں چھتری یاد آتی ہے
کہیں اس شہر کی آب و ہوا میں دم نہ گھٹ جائے
کہ مجھ کو گاؤں کی سوندھی سی مٹی یاد آتی ہے
دکھاؤں عشق کی پاکیزگی کیسے تمہیں جاناں
خدا کے ذکر پر اکثر تمہاری یاد آتی ہے
سبب مت پوچھنا مجھ سے تم اس کو یاد کرنے کا
مرض کے حد سے بڑھنے پر خدا کی یاد آتی ہے
وہ لڑکی چھوڑ آیا تھا جسے میں بد گمانی میں
اکیلے میں وہی لڑکی سسکتی یاد آتی ہے
اسی امید پر اب تک غزل کہتا رہا ہوں میں
کبھی وہ پوچھ لے شاید کہ کس کی یاد آتی ہے
مصیبت مول لینے کی ہے اک ترکیب یہ بھی ہرشؔ
اسے اتنا کہو تیری سہیلی یاد آتی ہے
اپنے گلے لگا لے مجھے یار کی طرح (غزل)
اپنے گلے لگا لے مجھے یار کی طرح
کب تک پڑا رہوں گا یوں بیمار کی طرح
الزام جس کے حصہ کے بیٹھا ہوں سر لیے
وہ دیکھتا ہے مجھ کو گنہ گار کی طرح
آنکھوں سے گفتگو کی تمنا تو ہے مگر
نظریں ہیں ہو بہ ہو تری تلوار کی طرح
اک روح کی طلب مجھے لائی تھی موت تک
اک جسم نے بچا لیا ہر بار کی طرح