ہرش کمار بھٹناگر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہے تمنا یہ مری کوئی تمنا نہ رہے (غزل)
ہے تمنا یہ مری کوئی تمنا نہ رہے
سانس تو چلتی رہے آنکھ میں قطرہ نہ رہے
میری خواہش ہے کہ امداد ملے سب کو یہاں
اک دعا ایسی کروں کوئی بھی اندھا نہ رہے
بارہا دیکھ مگر ساتھ میں آنکھیں بھی جھپک
بات بھی کر کہ تجھے بعد میں شکوہ نہ رہے
دوستی ایسی ہو تا عمر تجھے یاد رکھیں
اور گر عشق ہو تو کوئی بھی پردا نہ رہے
دل اگر ٹوٹے تو پھر دونوں کا ایسا ٹوٹے
میں کسی کا نہ رہوں تو بھی کسی کا نہ رہے
سفر میں اپنے وہ رخت سفر کو بھول گئے (غزل)
سفر میں اپنے وہ رخت سفر کو بھول گئے
سنہری دھوپ میں سوئے شجر کو بھول گئے
جو سیپیوں میں سمندر کا شور سنتے تھے
وہ اہل عقل بھی خود اب بھنور کو بھول گئے
لگی ہے لت یہ پرندوں کو جب سے پنجروں کی
سفر تو کیا ہی کریں گے شجر کو بھول گئے
ملا نہیں ہے در و بام جن کو قسمت میں
سڑک پہ سوتے ہیں مرنے کے ڈر کو بھول گئے
جو انتظار میں دن بھی گزار لیتے تھے وہ
مسافروں سے ملے منتظر کو بھول گئے