پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہرش برہم بھٹ کی غزلیں — Harsh Brahmbhatt Ghazals

ہرش برہم بھٹ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حسرت بھری نظر سے وہ دیکھتا ہے مجھ کو (غزل)

حسرت بھری نظر سے وہ دیکھتا ہے مجھ کو

کچھ بولتا نہیں ہے بس سوچتا ہے مجھ کو

رکھتا ہے دل میں مجھ کو پلکوں میں بند کر کے

خوابوں میں اپنے ہر شب وہ کھولتا ہے مجھ کو

میری خبر سے مجھ کو رکھتا ہے با خبر وہ

مجھ سے زیادہ شاید وہ جانتا ہے مجھ کو

اب تک کسی نے ایسا چاہا نہیں کسی کو

جیسے کہ اپنے دل سے وہ چاہتا ہے مجھ کو

اس کو میں مانگتا ہوں سجدے میں سر جھکا کے

دست دعا اٹھا کے وہ مانگتا ہے مجھ کو

اب میرے واسطے وہ اک آئنہ ہے جیسے

وہ اس قدر سراپا پہچانتا ہے مجھ کو

ہم نے دیکھا ہے جب زندگی کی طرف (غزل)

ہم نے دیکھا ہے جب زندگی کی طرف

زندگی مڑ گئی بے بسی کی طرف

یوں تو پیش نظر ہیں کئی رہگزر

کوئی جاتی نہیں ہے خوشی کی طرف

میرے ہاتھوں کی خودداری میں کیا کہوں

یہ نہیں پھیلے اب تک کسی کی طرف

لاکھ سجدے کئے کیں دعائیں کئی

پھر بھی دل نہ جھکا بندگی کی طرف

آنسوؤں سے نظر تربتر ہو گئی

جب اٹھی آنکھ لب کی ہنسی کی طرف

ہاتھ میں جام ہم نے لیا تھا ابھی

پاؤں ڈھلنے لگے بے خودی کی طرف

یہ الگ بات ہے آپ سمجھے نہیں

تھا اشارہ مرا آپ ہی کی طرف

ایک مہکی ہوئی غزل ہو تم (نظم)

ایک مہکی ہوئی غزل ہو تم

دل میں کھلتا ہوا کنول ہو تم

شرم کے بوجھ سے جھکی پلکیں

پیار کا حسن کا عمل ہو تم

زندگی کی ہزار خوشیاں دے

ایسا لمحہ ہو ایسا پل ہو تم

کل جو بیتی وہ کل تھی تم میری

آج اور آنے والی کل ہو تم

لاکھ سوچیں ہیں جس میں پوشیدہ

میری پیشانی پہ وہ بل ہو تم

بعد مشکل کے میں یہ سمجھا ہوں

ساری مشکل کا ایک حل ہو تم