پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حارث بلال کی غزلیں — Haris Bilal Ghazals

حارث بلال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنا ملن کسی کی دلی بد دعا بھی ہے (غزل)

اپنا ملن کسی کی دلی بد دعا بھی ہے

یعنی ہمارا وصل ہماری سزا بھی ہے

المختصر تمہاری مہک اوڑھتے ہوئے

احساس ہو گیا کہ اسے پھیلنا بھی ہے

اس پر ٹھہر سکے تو ٹھہر چل سکے تو چل

یہ دل قیام گاہ بھی ہے راستہ بھی ہے

اچھا تری نظر میں بہت مختلف ہوں میں

یعنی تری نظر میں کوئی دوسرا بھی ہے

ساری حسوں کی ڈور سماعت کو سونپ کر

اس دل پہ کان رکھ کہ خدا بولتا بھی ہے

تجھ سے خوشی غمی کا تفرقہ مٹا کہ تو

اک خوش گوار یاد بھی ہے سانحہ بھی ہے

ہر ایک داستان کے ہر ایک موڑ پر

حارثؔ یہ سوچنا کبھی ایسا ہوا بھی ہے

وہ پچھلے موڑ پر اس راستے سے ہٹ چکا تھا (غزل)

وہ پچھلے موڑ پر اس راستے سے ہٹ چکا تھا

میں آنکھیں بند کر کے جس کے پیچھے چل رہا تھا

تشخص کھو رہے تھے ہم بدلتے پانیوں سے

ہمارا ہر تنا پھیلاؤ میں ہم سے جدا تھا

محبت بیچ میں دیوار آنے سے ہوئی تھی

کہ ہم دونوں کا قد دیوار سے تھوڑا بڑا تھا

کسی کے اک قدم سے راستوں نے سمت پائی

کسی کی اک جھلک سے پورا آئینہ بنا تھا

وہ باتیں ختم ہونے پر خدا حافظ نہ کہہ دے

میں باتیں کرتے کرتے آف لائن ہو گیا تھا

اندھیرا بڑھ رہا تھا عمر کی کچی سڑک پر

سفر لازم تھا سو رفتار کو کم کر دیا تھا

وہ کمرہ تھا کہ ویرانی بھرا سینہ تھا حارثؔ

وہ اک کونے میں بکسا تھا کہ دل رکھا ہوا تھا

اس کے نام (نظم)

اس کے نام

جس نے دنیاؤں میں خیر و شر میں توازن رکھا

تاکہ اہل جنوں کار زار جہاں میں محبت کا پرچار کرتے رہیں

مشکلیں اور آسائشیں وقت کی ڈور میں یوں پرو دی گئیں کہ خبیث اور طیب اکٹھے نہ ہوں

تاکہ بہتا لہو پانیوں میں بھی پہچان قائم رکھے

تاکہ دیوار کا نام ملبہ نہ ہو

تاکہ نیزوں پہ رکھے ہوؤں اور سجدوں میں رگڑے ہوؤں کے الگ سلسلے ہوں الگ شہر ہوں

تاکہ خوشبو کو خوشبو کہا جائے اور اس کے پھیلاؤ اور راستوں کا تعین ہو تعلیم ہو

روشنی ایک تہذیب ہو تیرگی ایک تہذیب ہو